دکھی انسانیت کی خدمت بہترین عمل ہے، ڈپٹی کمشنر ساہیوال

ساہیوال :(بےورورپورٹ)ڈپٹی کمشنر صائمہ علی نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے نزدیک سب سے بہتر عمل دکھی انسانیت کی خدمت ہے۔طبی شعبے سے وابستہ افراد مریضوں کے علاج معالجے کو اپنا دینی و اخلاقی فرض سمجھ کر ادا کریں۔صوبائی حکومت کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال چیچہ وطنی میں 48کروڑ روپے کی خطیر رقم سے 2 بڑی سکیمیں مکمل کی جارہی ہیں جس کی تکمیل سے سروس ڈیلیوری میں نمایاں بہتری آئے گی اور عوام کو سستا اور معیاری علاج مہیا ہو گا۔انہوں نے یہ بات ہسپتال کے دورے کے دوران کہی جس میں انہوں ہسپتال کی تزئین و مرمت کے لئے 28کروڑ روپے کی جاری سکیم اور 20کروڑ روپے سے ٹراما سنٹر کی تعمیر کے کاموں کا معائنہ کیا،ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اکرم وٹو اور محکمہ ہیلتھ کے ضلعی افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔انہوں نے ہسپتال کے مختلف حصے بھی دیکھے اور مریضوں کو دستیاب طبی سہولیات خصوصاً ادویات کی فراہمی اور ڈاکٹروں کی حاضری کا جائزہ لیا۔

ڈپٹی کمشنر صائمہ علی نے ہسپتال میں صفائی کی عمومی صورت حال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ایم ایس کو ہدایت کی کہ واش رومز کی مسلسل صفائی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔بعدازاں انہوں نے سپیشل ایجوکیشن سنٹر چیچہ وطنی اور گورنمنٹ ایم سی ہائی سکول کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے موجود سٹاف سے دونوں سکولوں میں فراہم کی گئی تعلیمی سہولیات کا جائزہ لیا۔انہوں نے ہدایت کی کہ سکولوں میں دستیاب وسائل کو بہتر طریقے سے استعمال کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ بچے ان سے استفادہ کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ بچوں کی تعلیم کے ساتھ ساتھ ان کی تربیت پر بھی خصوصی توجہ دی جائے۔