مذاکرات کیے تو حکومت چلی جائےگی، مجھے مطمئن کریں پیچھے ہٹ جاﺅنگا،عمران

راولپنڈی:(بیورورپورٹ)سابق وزیراعظم وبانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہاہے پاکستان زندگی و موت کی جنگ لڑ رہا ہے، موجودہ بجٹ نے ثابت کیا مینڈیٹ کے بغیر حکومت ریفارمز نہیں کرسکتی، ن لیگ سے کیا مذاکرات کریں اور کیا موسم کی بات کریں اگر مذاکرات کیے تو حکومت چلی جائے گی۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہااپنی ذات یا حکومت نہیںپاکستان کےلئے مذاکرات چاہتا ہوں پہلے بھی کہا تھا اگر میرے پیچھے ہٹنے سے ملک کو فائدہ ہوتا ہے تو مطمئن کریں پیچھے ہٹ جاتا ہوں،بات چیت ایسے نہیں ہوتی، اچکزئی کو سیاسی اتحاد کےساتھ بات کرنے کی اجازت دی ،کوئی پیشکش لےکر آئیں گے تو پھر مذاکرات کا سوچیں گے۔

سابق وزیراعظم نے کہاموجودہ حکومت ملک میں سرمایہ کاری کا ماحول نہیں بناسکی، ملک کو سرجری ومینڈیٹ والی حکومت کی ضرورت ہے،پروفیشنل افراد اور قوم پر ٹیکسوں کی بارش کردی گئی ، یکم جولائی کو آنے والے بجلی بلوں کے بعد قوم کے ہوش اڑ جائیں گے، لوگوں کی قوت خرید ختم ہوچکی ،کے پی میں لوڈ شیڈنگ کے معاملے پر گنڈا پور سے کیے گئے وعدے کو توڑا گیا،شیرافضل مروت لندن کی ٹھنڈی ہوائیں لے رہا ہے، ملک میں کون سی سے ایسی پارٹی ہے جس میں گروپنگ موجود نہیں ۔

عمران خان نے کہاایک طرف کہتے ہیں خزانہ خالی ہے دوسری طرف مریم نواز اپنی تشہیر پر اربوں خرچ کررہی ہے،احسن اقبال نے مجھے 5 سال جیل میں رکھنے کا کہہ کر عدلیہ کی توہین کی ،فرا ڈ الیکشن کرانے والاانصاف کیسے دے سکتا ہے؟ ،این آر او ٹو میں بہت بڑا فراڈ کیا گیا ایسی ترامیم کی گئیں جو بنانا ری پبلک میں بھی نہیں کی جاتیں، نیب قوانین میں ترامیم کرکے اپنی چوریاں چھپائی گئیں،ملک کا قرضہ ادا کرنے کےلئے مزید قرض لینا پڑے گا۔

دریں اثناعمران خان نے سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا اور الیکشن دھاندلی کی آئینی درخواست پر جلد سماعت کی استدعا کردی،وکیل حامد خان کی جانب سے جلد سماعت کی متفرق درخواست دائر کی گئی،موقف اختیار کیا گیا 8 فروری کے انتخابات میں دھاندلی کی انکوائری درخواست زیر التوا ہے،25 جون کو سماعت کےلئے فکس کیا جائے۔

مزید برآںوزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور نے اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کی،سیاسی صورتحال سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،ملاقات سوا گھنٹہ جاری رہی،وزیراعلیٰ نے طویل لوڈ شیڈنگ پر وفاقی حکومت سے ہونے والی بات چیت پر بریفنگ بھی دی۔