ریاستی رٹ چیلنج کرنےوالوں کو سزا نہ دی تو انتشار پھیلے گا،رانا ثنا

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)مشیر وزیراعظم رانا ثنا نے کہاہے ریاستی رٹ چیلنج کرنےوالوں کو سزا نہ دی تو انتشار پھیلے گا، تمام مسائل کو بات چیت و باہمی مشاورت کےساتھ خوش اسلوبی سے حل کیا جا سکتا ہے۔

رانا ثنا سے گورنر خیبر پختونخوافیصل کریم کنڈی نے ملاقات کی ،اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،مشیر وزیراعظم نے کہاوفاقی حکومت کے پی حکومت کو مکمل تعاون فراہم کرے گی، احتجاج ہر شہری کا بنیادی و آئینی حق ہے لیکن کسی سیاسی ایجنڈے کو آگے بڑھانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، ملک میں کہیں بھی ریاستی رٹ کو کم نہیں ہونے دیا جائے گا،ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے والوں کو جرم کی سزا نہ دی گئی تو انتشار ،افراتفری پھیلے گی،ذمہ داروں کیخلاف قانونی کارروائی ہونی چاہیے۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا ایک دہائی کے دوران بدانتظامی کی وجہ سے خیبر پختونخوا باقی تمام صوبوں سے پیچھے رہ گیا،موجودہ صوبائی حکومت مذموم مقاصد کےلئے ریاستی رٹ کو چیلنج کر رہی ہے۔

دریں اثنا نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے راناثنا نے کہا وزیراعظم اور بلاول بھٹو کی میٹنگ خوشگوار ماحول میں ہوئی، بجٹ، پنجاب حکومت سمیت تمام حکومتی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا،معاملات کو افہام تفہیم سے طے کیا جائے گا،پیپلزپارٹی نے صرف وزارتیں نہیں لیں لیکن تمام حکومتی معاملات میں شامل ہے،بجلی چوری ،بلوں کی کم ادائیگی پر لوڈشیڈنگ ہوتی رہتی ہے لیکن کے پی میں دوسری مرتبہ گرڈسٹیشن پر قبضہ کیا گیا جو قابل قبول نہیں ، گرڈ سٹیشن پر قبضہ ریاستی رٹ کو چیلنج کرنا ہے۔