لاہور سمیت متعد شہروں میں بارش ،گرمی کازور ٹوٹ گیا

لاہور: (خبر نگار،اپنے نمائندے سے)لاہور سمیت متعد شہروں میں بارش ،گرمی کازو ر ٹوٹ گیا،موسم خوشگوار ،شہریوں کے چہرے کھل اٹھے،بارش کے بعد ڈی سی لاہور رافعہ حیدر نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ جاری کر دیا۔

رافعہ حیدر نے کہا واسا مشینری کو فعال رکھیں، ایل ڈبلیو ایم سی بارش کے بعد صفائی ستھرائی کے انتظامات کو یقینی بنائیں، نشیبی علاقوں اور انڈر پاسز میں بارشی پانی کھڑا نہ ہونے دیا جائے، شہری درختوں ، دیواروں کے نیچے سے ہو کر نہ گزریں، بجلی کی تاروں ،کھمبوں سے دور رہیں۔

ادھروائس چیئرمین واسا چودھری شہباز احمد نے بھی ہدایات جاری کر دیں،ایم ڈی واسا غفران احمد کی ہدایات کے مطابق تمام سٹاف و مشینری مکمل الرٹ رہیں، تمام جنریٹرز کو سٹینڈ بائی و فعال رکھا جائے۔