وفاقی وزارت تعلیم کا گوگل فار ایجوکیشن سے معاہدہ، 2 سینٹر آف ایکسی لینس قائم

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وفاقی وزارت تعلیم اور گوگل فار ایجوکیشن کے مابین وفاقی نظامت تعلیمات کے دو اداروں میں سینٹر آف ایکسی لینس قائم کرنے کیلئے اہم معاہدہ ہوگیا،اسلام آباد کے گرلز کالج میں پہلے سینٹر کا باقاعدہ افتتاح بھی کردیا گیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق وفاقی سرکاری تعلیمی اداروں میں اہم انقلاب اقدام کیا گیا ہے اور وفاقی وزارت تعلیم اور گوگل فار ایجوکیشن کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دئیے گئے، جس کے تحت اسلام آباد کالج فار گرلز ایف سکس ٹو میں سینٹر آف ایکسی لینس کا باقاعدہ افتتاح کردیا گیا۔گوگل فار ایجوکیشن کی جانب سے ادارے میں ہائی ٹیک کلاس روم اور آئی ٹی کے لیے بہترین سینٹر بھی قائم کر دیا گیا ہے اور لیب بھی تیار کر دی گئی ہے۔ ایم ڈی گوگل فار ایجوکیشن کیون نے کہا کہ پاکستان اور پورے خطے میں تعلیم کے فروغ کیلئے اقدامات کرتے رہیں گے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی نے سیکرٹری ایجوکیشن کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایسا ہی ہے جیسے کوئی خواب پورا ہوگیا ہو، سیکرٹری تعلیم نے سکولوں اور کالجوں کیلئے بہت محنت کی ہے۔ ڈائریکٹر کالجز صبا فیصل نے وفاقی تعلیمی ادارے میں قائم سینٹر کے بارے میں کہا کہ طلبہ یہاں سے کورس کر کے انٹرنیشنل مارکیٹ کا مقابلہ کرنے کے قابل ہوجائیں گے۔ وفاقی سیکرٹری برائے تعلیم محی الدین وانی نے اس بارے میں کہا کہ ٹیکنالوجی اور تعلیم ہی پاکستان کا مستقبل ہے، گوگل کی ٹیم نے اسلام آباد میں دو ریفرنس سکولز بناکر اپنے اقدامات کا آغاز کردیا ہے۔