ٹی 20 ورلڈکپ، انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کو 8 وکٹ سے ہرا دیا

جمیکا (مشرق نیوز) آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے کے دوسرے میچ میں انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کو 8 وکٹ سے ہرا دیا۔ انگلینڈ نے 181 رنز کا ہدف 2 وکٹ کے نقصان پر 17.3 اوورز میں پورا کرلیا۔ سپر ایٹ مرحلے کے دوسرے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے ٹاپ آرڈر نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا، جانسن چارلس نے 38، نکولس پورن اور کپتان رومین پاول نے 36، 36 رنز سکور کئے۔ شرفین رادرفورڈ نے 28 رنز اور برینڈن کنگ نے 23 رنز کی اننگز کھیلی، یوں ویسٹ انڈیز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹ کے نقصان پر 180 رنز سکور کرسکی۔ انگلینڈ کی جانب سے جوفرا آرچر، عادل رشید، معین علی اور لیونگ سٹون نے ایک ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔ ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے انگلینڈ کے اوپنرز نے اپنی ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا اور پہلی وکٹ 67 رنز پر گری جس کے بعد انگلینڈ نے آسانی کے ساتھ ہدف حاصل کرلیا۔ انگلینڈ کے فل سالٹ 87 اور جونی بیرسٹو 48 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔