لاہور:(اپنے رپورٹر سے)وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے گنڈا پور دھمکی کسی اور کو دیں، پہلے صوبے کا کوڑا تو اٹھالیں،پنجاب آئیں بتاتے ہیں صفائی و سکیورٹی کا نظام کیسے چلاتے ہیں؟۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہاپہلی مرتبہ 32 لاکھ ماحول دوست بیگز گھروں میں پہنچائے گئے، پنجاب ،لاہور کی سڑکیں فینائل وعرق گلاب سے دھوئی گئیں، وزیراعلیٰ پنجاب چھٹی والے دن بھی چھٹی نہیں کرتیں،1139 ہیلپ لائن سے تمام چیزوں کو مانیٹر کیا گیا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور پر تنقید کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا وفاق سے واجبات مانگنے والے پہلے اپنی طرف دیکھیں یہ لوگ گرڈ سٹیشن پر قبضہ کرتے ہیں،عید پر بھی نفرت پھیلانے سے باز نہیں آتے، گنڈا پور پہلے کوڑا تو اٹھالیں، دھمکی کسی اور کو دیں، لاہور آجائیں بتائیں گے کوڑا کیسے اٹھاتے ہیں۔
دریں اثنا بیرسٹر سیف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا بانی پی ٹی آئی کسی بل میں نہیں چھپے جن کو کھونٹی ڈال سے باہر نکال لیا جائے گا، عمرا ن خان کرپشن میگا سکینڈلز میں مجرم ڈکلیئر ہیں،اپنے جرائم اور ناکام بغاوت کا ملبہ اب مریم نواز پر مت ڈالیں،بانی پی ٹی آئی کو جیل میں شاہانہ سہولیات میسر ہیں، 9مئی مقدمات میں زیر حراست خواتین جرائم کی سزا بھگت رہی ہیں، عید کے روز بھی آپ اپنی نفرت انگیزی اور حسد چھپانے میں ناکام رہے ، پہلے آپ لوگوں کی باتوں پر ہنسی آتی تھی لیکن اب خیبر پختونخوا کے لوگوں کے مقدر پر رونا آتا ہے۔
گنڈا پور دھمکی کسی اور کو دیں، پہلے صوبے کا کوڑا تو اٹھالیں،عظمیٰ بخاری
















