لاہور (سٹاف رپورٹر) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے بڑی محبت اور اپنائیت سے پنجاب اور وفاق کے حوالے سے بات کی،اتحادی حکومت کا پہلا بجٹ تھا، مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی میں کچھ گلے شکوے ہیں جو فاصلہ ہے امید ہے وہ بات چیت سے دور ہو جائیگا، مسلم لیگ (ن) کاجو سندھ میں شیئر ہے وہ ان کو ضرور ملے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے عید الاضحی پر ایس او ایس ولیج کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان ایس او ایس ولیج میں رہائش پذیر بچوں سے عید ملے اور انہیں تحائف دئیے ۔ گورنر پنجاب نے بچوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ اس ملک کا مستقبل ہیں،آپ نے ہر شعبے میں اپنا کردار ادا کرنا ہے،میں ہر عید پر آپ سے ملنے کیلئے آتا رہونگا،تمام بچوں کو دعوت دیتا ہوں آپ گورنر ہاﺅس کا دورہ کریں۔میڈیا سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار کی سربراہی میں ہماری تین میٹنگز ہو چکی ہے،امید کرتا ہوں کہ کولیشن اچھی ورکنگ ریلیشن شپ میں تبدیل ہوجائیگی،پیپلز پارٹی کے وفاق میںتحفظات تقریباً دور ہوچکے ہیں پنجاب میں بھی معاملات حل ہوجائیں گے ،پیپلز پارٹی نے تمام سیاسی جماعتوںکو لیکر پانچ سال حکومت کامیابی سے چلائی،سندھ میں مسلم لیگ (ن)کے ساتھ فارمولا طے ہے، جوان کا شیئر ہے وہ ضرور ملے گا۔ انہوںنے کہا کہ گزشتہ سولہ ماہ کا تجربہ اچھا نہیں تھا ،آج ان 16 ماہ کیلئے سخت الفاظ اسلئے نہیں کہہ رہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف سے ایک اچھی میٹنگ ہوچکی ہے۔ انہوںنے کہا کہ وزیر اعلیٰ سے بجٹ پر میری میٹنگ ہونا ضروری نہیںتھا ،پارلیمانی پارٹی کی ملاقات ضروری تھی،جلد پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی ارکان کی میٹنگ ہوگی جس میں معاملات طے ہوجائیں گے۔ گورنر پنجاب ایس او ایس ولیج کے بچوں کیلئے 10لاکھ روپے کا عطیہ دینے کا اعلان کیا۔
مسلم لیگ (ن) کا سندھ میں جو شیئر ہے وہ ضرور ملے گا: سردار سلیم حیدر خان
















