انتظامیہ اور پولیس کی ملی بھگت،پابندی کے باوجود غیرقانونی مویشی منڈیاں ، ٹریفک کا نظام درہم برہم

لاہور(مرزا ندیم بیگ )صوبائی دارالحکومت میں گورنمنٹ کی جانب سے لگائی جانے والی 8 مویشی منڈیوں کے علاوہ بڑی تعداد میں مختلف مقامات پر چھوٹی منڈیاں بھی بدستور لگی رہیں۔ متعلقہ ذمہ دار ادارے اورپولیس کی ملی بھگت سے جانوروں کے بیوپاری اپنا کاروبار کرتے رہے جبکہ ان کی وجہ سے ٹریفک کا نظام درہم برہم رہا اور سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر نے زیادہ فورس منڈیوں میں تعیناتی کئے رکھی ،اس حوالے سے مختلف مقامات کے رہائشی افراد کا کہنا تھا کہ جب گورنمنٹ کی طرف سے سختی سے پابندی لگائی گئی ہے کہ جو 8 مویشی منڈیاں قائم کی گئی ہیں، اسکے علاوہ اگر کوئی بیوپاری گلی، محلوں یا مختلف پوائنٹس پر غیر قانونی طور پر مویشی منڈی قائم کریگا اسکے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائیگی جبکہ ایسا ممکن نہ ہو سکا جس کے باعث لوگوں کیلئے اپنے علاقوں میں پیدل چلنا محال ہو گیا ٹریفک کا نظام درہم برہم رہا جبکہ زیادہ تر وارڈنز کی ڈیوٹیاں سی ٹی او لاہور نے گورنمنٹ کی طرف سے قائم کی گئی منڈیوں پر لگا رکھی تھی۔ مقامی لوگوں کا کہنا تھا کہ غیر قانونی بکرمنڈیاں پولیس اور کارپوریشن والوں سے تعاون کی وجہ سے قائم رہیں اس حوالے سے ایک سبزہ زار میں لگنے والی اپنی مرضی سے بنائی گئی بکرمنڈی کے بارے میں جاوید نامی شخص نے بتایا کہ یہاں پہلے پولیس نہیں آئی جب بیوپاریوں کے تقریباً تمام بکرے فروخت ہو گئے دو تین باقی بچ گئے تھے پولیس کی گاڑی آئی اور پہلے تھپڑ مارے پھر تھانہ لے گئی تھوڑی دیر بعد وہ چھوڑ کر واپس آ گئے جس سے صاف ظاہر تھا کہ تعاون کر آیا ہے کیونکہ اس کے بعد ان بیوپاریوں نے بڑی تعداد میں مزید بکرے وہاں منگوا لئے اور ان کے ریٹ پہلے سے بھی زیادہ کر دیئے، اسی طرح ملت پارک تھانہ کے قریب بازار میں ایک قصاب مین روڈ پر چھترے اور بکرے فروخت کرتا رہا،اتحاد کالونی کے قریب ایک بیوپاری نے چھوٹی بکرمنڈی قائم کر رکھی تھی اسی طرح نیلم بلاک کے قریب بھی قربانی کے جانور فروخت ہوتے رہے ،گلشن راوی میں اسکے علاوہ دیگر تمام علاقوں میں بھی چل پھر کر بھی بیوپاری اپنا کاروبار کرتے رہے ۔