پی پی سے کوئی لڑائی نہیں ،عمران مذاکرات چاہتے ہیں تو اداروں پر حملے بند کریں،احسن اقبال

لاہور:( اپنے رپورٹر سے) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے پاکستان کو اگلے 3 سے 5سالوں میں سب سے بڑا چیلنج غیر ملکی ادائیگیوں کا ہے،عمران خان مذاکرات چاہتے ہیں تو اداروں پر حملے بند کریںاب پی ٹی آئی کو فیصلہ کرنا پڑے گا انتشار یا جمہوریت پسند مثبت سیاست کرنا چاہتی ہے ،ایک طرف اراکین اسمبلی ٹی اے ڈی لے رہے ہیں اور دوسری طرف کہتے ہیںسڑکوں پر آکر حکومت نہیں چلنے دیں گے ، آپ کو نظام سے تکلیف ہے تو استعفے دیں اور باہر آجائیں۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا پیپلز پارٹی اتحادی ،کوئی لڑائی نہیں ،ہلکی پھلکی موسیقی چلتی رہتی ہے ،پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ قرضوں کی ادائیگی ،آمدنی بڑھانا ہو گی ،ایک طرف ٹیکس ادا نہیں کرتے یاکرپشن کر لیتے ہیں اوردوسری طرف کہتے ہیں دنیا کی ہر بڑی سہولت ملنی چاہیے ،اپنی پیداواری صلاحیت کو بروئے کار لانا ہوگا۔

وفاقی وزیر نے کہا حکومت 5سال پورے کرے گی،اصلاحات کے اثرات 2سالوں میں نظر آئیں گے،چین پاکستان کا دیرینہ دوست ملک ہے،ہر مشکل بحران میں بھرپور ساتھ دیا،سی پیک کو آگے لے کر جانا ہے،چین پاکستان کو سی پیک ٹو پیش کررہا ہے،چانس اور بڑی ذمہ داری ہے،دنیا کی ترقی کے ورلڈکپ سے باہر ہوگئے تو بڑی ناکامی ہوگی،ماضی میں کبھی سیاست دان اسٹیبلشمنٹ سے لڑتے تھے کبھی اسٹبلشمنٹ سیاست دان سے لڑتے تھے لیکن اب سمجھنا پڑے گا سب ایک دوسرے کےساتھ چلےں۔