لاہور (اپنے رپورٹر سے) سینئرصوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے عوام اور صنعتکار برادری کو ریلیف دینے پر وزیراعظم شہباز شریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ100 دن میں وزیراعظم شہباز شریف نے وفاق اور مریم نواز شریف نے پنجاب میں عوامی خدمت اور ملکی معیشت کی بحالی کیلئے بے مثالی کام کیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کا بجٹ معیشت کو درست سمت میں ڈالنے اور استحکام دینے کا نظریہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پچھلے ادوار میں معیشت کے ساتھ جو کھلواڑ ہوا وہ سلسلہ اب بند ہوچکا ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے مشکل ترین وقت میں پاکستان کی معیشت کو ٹھیک کرنے کا بیڑہ اٹھایا۔کسی کی طرح ملک کو ڈیفالٹ کر کے چھوڑا نہیں بلکہ بہادری دلیری اور نیک نیتی سے عوام کا بازو بنے اور ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا، اب ملک کو معاشی ترقی اور عوام کو ریلیف دینے کا سلسلہ جاری ہے۔قائد نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) ملک کو واپس ترقی و خوشحالی کی منزل کی طرف تیزی سے لیجا رہی ہے۔ صنعتوں کیلئے بجلی کی لاگت کم ہونے سے کاروبار، روزگار اور برآمدات میں اضافہ ہو گا۔پٹرول کی قیمت میں اب تک 35 روپے کی کمی عوام سے وعدوں کی تکمیل اور خوشحالی کی نوید ہے۔مریم اورنگزیب نے کہاکہ عوام کیلئے بڑھتا ہوا ریلیف دیکھ کر ملک کو ڈیفالٹ کے کنارے دھکیلنے والوں میں گھبراہٹ بڑھتی جا رہی ہے۔ اللہ سب بہتر کریگا بس عوام کو ساتھ دیناہوگا۔
بجٹ معیشت کو درست سمت میں ڈالنے اور استحکام دینے کا نظریہ ہے: مریم اورنگزیب
















