راولپنڈی:(بیورورپورٹ)چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ ملک شہزاد احمد خان نے کہا ہے مختلف ادارے عدلیہ میں مداخلت میں ملوث ہیں، مداخلت کاآغاز مولوی تمیز الدین کیس سے شروع ہوا، عدلیہ میں اسٹیبلشمنٹ کی مداخلت کا جلد اختتام ہوگا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس ملک شہزاد احمد خان نے کہاعدلیہ اسٹیبلشمنٹ کی مداخلت سے جان چھڑانے کےلئے جدوجہد کررہی ہے،2،3دن پہلے بھی ایک جج کی شکایت سامنے آئی ،جج نے مداخلت کے سارے واقعات بیان کیے ، اچھی بات ہے جج نے سب کچھ بیان کرنے کے بعد کہا وہ خوفزدہ نہیں،جوڈیشری بغیر کسی ڈر ،خوف ،لالچ کے فرائض سر انجام دے رہی ہے، جج صاحب نے کہامجھے خوف نہیں ، اپنا کام ایمانداری سے انجام دوں گا۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے کہااللہ کا خوف رکھنے والے کسی بلیک میلنگ سے نہیں ڈرتے، 2007میں عدالتی نظام کی خاطر اکیلا گھر سے نکل پڑا تھا،عام شکایت ہے جج صاحبان عدالتوں میں وقت پر نہیں بیٹھتے، ججز کی حاضری کےلئے پنجاب میں بائیو میٹرک سسٹم لائے ،وقت پر نہ آنےوالے ججز کیخلاف کارروائی ہوگی۔
جسٹس ملک شہزاد نے کہاچند کالی بھیڑیں ہر جگہ موجود ہوتیں ہیں، کچھ ججز اپنے کام ریڈرز سے کرا کر چائے پی کر گھر چلے جاتے ہیں، کمرہ عدالت میں ججز کی موجودگی کو دیکھنے کےلئے سی سی ٹی وی کیمرے لگادئیے،حاضر نہ ہونے والوں کیخلاف کارروائی کاآغاز کردیا، مقدمات میں تاخیر کی بڑی وجہ وکلا ہڑتال تھی، وکلا کے تعاون سے پنجاب کی عدالتوں میں ہڑتال کلچر کا خاتمہ کردیا،8مارچ کو فل کورٹ میٹنگ میں تمام ججز نے متفقہ طور پر ہڑتال کلچر کو برداشت نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔
چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے کہا سب سے بڑا مسئلہ عدالتوں میں بروقت فیصلے نہ ہونا ہے، کئی مقدمات 30، 30سال سے لٹکے ہیں،ایک نسل کیس کرتی ، دوسری نسل دیکھتی ، تیسری نسل کے نصیب میں ہو تو تب جا کر فیصلہ ہوتا ہے، مقدمات میں اس لیے تاخیر ہوتی ہے گواہ پیش نہیں ہوسکتے، مسئلے کو حل کرنے کےلئے ترامیم متعارف کرادیں۔
جسٹس ملک شہزاد نے کہا عدلیہ کو مداخلت کا سامنا آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر کرنا ہے ،کسی قربانی سے دریغ نہیں کرنا ،خوشی ہے ضلعی عدلیہ بغیر کسی ڈر خوف ،لالچ کے کام کررہی ہے جب بغیر کسی خوف اور ڈر کے انصاف فراہم کریں گے تو اللہ کی مدد حاصل ہوگی۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے کہاعدلیہ تحریک سے پہلے لوگ کہتے تھے جج ایک بار گھر چلا جائے تو واپس نہیں آتا لیکن عدلیہ تحریک نے چیف جسٹس افتخار چودھری کو بحال کیا، ناممکن کو ممکن کرکے دکھایا، عدلیہ تحریک کی جدوجہد نے مارشل لا کا راستہ بند کیا،عدلیہ کے سامنے اسٹیبلشمنٹ کی مداخلت کا مسئلہ درپیش ہے،مداخلت میں مختلف ادارے ملوث ہیں ،مداخلت کا آغاز مولوی تمیز الدین کیس سے ہوا، عدلیہ اسٹیبلشمنٹ کی مداخلت سے جان چھڑانے کےلئے جدوجہد کررہی ہے، پورا یقین ہے مداخلت کا جلد اختتام ہوگا۔
دریں اثناچیف جسٹس لاہور ملک شہزاد احمد نے راولپنڈی جوڈیشل کمپلیکس میں ای کورٹ ،سہولت سینٹر کا افتتاح کر دیا ، دیگر ججز کے ہمراہ ای کورٹ کا دورہ کرکے ویڈیو لنک کے ذریعے مقدمات کی سماعت دیکھی، سہولت سینٹر میں مصالحت پراسس کا بھی جائزہ لیا،افتتاحی تقریب کے موقع پر چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس ملک شہزاد کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
خاتون سیشن جج رابعہ سلیم نے کمرہ عدالت میں ذمہ داریاں سنبھال لیں،خصوصی ای کورٹ میں انٹرنیٹ سمیت تمام سہولیات فراہم کر دی گئیں، تمام مقامات میں ہر عدالت ویڈیو لنک سے گواہوں کے بیانات ریکارڈ کرے گی،پولیس افسروں ،گواہوں کو بطور گواہ بیان ریکارڈ نہ کرانے کا موقع نہیں دیا جائے گا، تمام سیشن ،فوجداری عدالتیں انٹرنیٹ سے لنک ہوں گی، اہم کیسوں میں ملزمان کے بیانات و حاضری بھی ویڈیو لنک سے ہو سکے گی۔
عدلیہ میں اسٹیبلشمنٹ کی مداخلت جلد ختم ہوگی، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ


















