ساہیوال (بےورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے عید الاضحی کے موقع پر ڈویژن بھر کے تمام شہروں، قصبات اور دیہات میں صفائی کا بہترین انتظام کرنے کی ہدایت کر دی، قربانی کے جانوروں کی باقیات کو فوری اٹھانے اور ٹھکانے لگانے کیلئے بھی انتظامات کو حتمی شکل دی جائے۔ انہوں نے یہ ہدایت تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور چیف افسران کو جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا انتظامیہ اور بلدیاتی اداروں کی ذمہ داری ہے جس میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ سٹاف کا ڈیوٹی روسٹر جاری کرنے اور اجتماعی قربانی کی جگہوں پر خصوصی سٹاف تعینات کرنے بھی ہدایت کی۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز کے واضح احکامات کے پیش نظر عید کے روز شام تک صفائی کا تمام عمل ہر صورت مکمل کر لیا جائے۔ دریں اثناءکمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے علامہ اقبال روڈ پر بجلی کے پولز اور فٹ پاتھ پر ٹف ٹائل لگانے کے کام کو عید سے پہلے مکمل کرنے کی ہدایت کر دی، ماڈل بازار کے فرنٹ سے تمام تجاوزات ختم ہونے پر اطمینا ن کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تجاوزات کی وجہ سے خریداری کرنے آنے والوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ وہ یہاں اپنے دفترمیں پسپ پروگرام کے جائزہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے جس میں ایڈیشنل کمشنر کوآرڈی نیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، اور چیف آفیسر اشفاق احمد کے علاوہ متعلقہ محکموں کے افسران نے شر کت کی۔ انہوں نے کہا کہ دفعہ 144کے تحت قربانی کے جانوروں کی شہر کے اندر فروخت پر پابندی ہے لہٰذا خلاف وزری کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے اور بیوپاری حضرات اپنے جانور مویشی منڈی میں ہی سیل کریں۔
قربانی کے جانوروں کی باقیات ٹھکانے لگانے کیلئے انتظامات مکمل کئے جائیں :کمشنر ساہیوال
















