معیشت کی ڈیجیٹائزیشن ترجیح، سب کو ٹیکس نیٹ میں لانا ہوگا: وفاقی وزیر خزانہ

اسلام آباد (مشرق نیوز) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ معیشت کی ڈیجیٹائزیشن ترجیح ہے، سب کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے سوا کوئی چارہ نہیں۔ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے معاشی ٹیم کے ہمراہ پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکس ٹو جی ڈی پی کو 13 فیصد تک لے کر جائیں گے، معیشت کی ڈیجیٹائزیشن حکومت کی اوّلین ترجیح ہے۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس کیلئے پہنچے تو میڈیا نمائندگان کا تنخواہوں پر ٹیکس کیخلاف احتجاج کیا۔ میڈیا نمائندگان نے نشستوں سے کھڑے ہو کر احتجاج کیا اور کہا کہ تنخواہ دار طبقے پر سب سے زیادہ ٹیکسوں کا بوجھ ڈالا گیا، حکومت متوسط طبقے کیلئے ریلیف کے اقدامات کرے۔

محمد اورنگزیب نے تنخواہ دار طبقے پر ٹیکسوں میں اعتراض کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ زیادہ آمدن والوں پر زیادہ ٹیکس کا نفاذ ہوگا کسی کو اعتراض نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پٹرولیم لیوی ٹیکس لگانے کا فیصلہ عالمی تیل کی کمپنیوں کے دیکھ کر کریں گے، عالمی تیل کی کمپنوں کے معاملات کو مانیٹر کر رہے ہیں، نان فائلرز کی اختراع سمجھ نہیں آتی، نان فائلرز کی اختراع شاید ہی کسی اور ملک میں ہو گی، نان فائلز کے کاروبار اور لین دین پر ٹیکس کی شرح بڑھا رہے ہیں، نان فائلزز کیلئے بزنس ٹیکس ٹرانزیکشن میں اضافہ کیا جا رہا ہے جس کا مقصد انہیں بھی ٹیکس نیٹ میں لانا ہے۔