خارجہ پالیسی مزید بہتر ، تمام ہمسایوں کے ساتھ امن چاہتے ہیں:عطا تارڑ

اسلام آباد :(بیورورپورٹ)وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات، قومی ورثہ و ثقافت عطا تارڑ نے کہا ہے پاکستان ذمہ دار نیوکلیئر ملک ہے، تمام ہمسایوں کےساتھ امن چاہتے ہیں، امن کے بغیر معاشی استحکام اور ترقی ممکن نہیں، ہم امن کے خواہاں اور ملکی ترقی کےلئے کام کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔

قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کی رپورٹ کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا حکومت کے گزشتہ 2 ماہ کے عرصے کے دوران خارجہ پالیسی اولین ترجیح رہی ہے، ذمہ دار نیوکلیئر ملک ہیں، دنیا میں ہماری اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا، حال ہی میں پاکستان 182ووٹ لے کر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا رکن منتخب ہوا جو ہماری خارجہ پالیسی کی بڑی کامیابی ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا ایران کےساتھ ہماری سرحدیں جڑی ہوئی ہیں، تجارت سمیت دیگر اہم شعبوں میں بھی ایران کے ساتھ تعلقات ہیں،ایران کے مرحوم صدر نے پاکستان کے ساتھ تجارتی حجم کو 10 ارب ڈالر تک لے جانے کا اعلان کیا، مشرق وسطی میں بھی ہماری اہمیت کو تسلیم کیا جاتا ہے، مشرق وسطی اپنا اتحادی سمجھتا ہے ،،خارجہ پالیسی کی ہی بدولت ڈیفالٹ کی صورتحال سے نمٹا۔