بھارت سے شکست کی وجہ ٹیم میں اختلافات ہیں: سابق کرکٹرز

کراچی (مشرق نیوز) سابق سٹارز نے بھارت سے شکست کی وجہ ٹیم میں اختلافات کو قرار دیدیا۔ بھارت کیخلاف آسان ہدف کے باوجود ٹیم کی شکست شائقین کی طرح سابق سٹارز کو بھی ہضم نہیں ہورہی، وہ اسکی وجہ ٹیم میں اختلافات کو قرار دیتے ہیں۔ سابق آل راونڈر شاہد خان آفریدی کہتے ہیں کہ کپتان سب کو متحد کرتا ہے چاہے کوئی ٹیم کو تباہ کررہا ہو یا اس کو بنارہا ہو، یہ ورلڈکپ ختم ہوجائے پھر میں سب کچھ صاف بتاو¿ں گا، میری شاہین آفریدی سے رشتہ داری ہے، اگر میں کچھ کہوں گا تو لوگ کہیں گے کہ اپنے داماد کی حمایت کررہا ہوں۔ سابق فاسٹ بولر وسیم اکرم نے بھی اسی قسم کے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم میں کچھ پلیئرز ایک دوسرے سے بات تک نہیں کرتے، یہ انٹرنیشنل کرکٹ ہے، جس میں آپ اپنے ملک کیلئے کھیلتے ہیں، ایسے کھلاڑیوں کو گھر بیٹھانا چاہئے۔ وسیم اکرم نے بھارت سے میچ کے حوالے سے ٹیم میں مکمل تبدیلیوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ رضوان نے بمرا کیخلاف بڑا شاٹ کھیلنے کا فیصلہ غلط کیا تھا، نتیجے ان کی میدان بدری کی صورت سامنے آیا۔ وسیم اکرم نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ یہ 10 سال سے کرکٹ کھیل رہے ہیں، میں انہیں نہیں سکھاسکتا، رضوان کو گیم کا اندازہ نہیں ہے، اسے معلوم ہونا چاہیے تھا کہ بمرا وکٹ پانے کی کوشش کریگا، عقلمندی کا تقاضا اسے سنبھل کر کھیلنا تھا لیکن رضوان نے بڑا شاٹ لگانے کے چکر میں وکٹ گنوادی۔ دوسری جانب وقار یونس نے بھی ایسے ہی خیالات کا اظہار کیا، انہوں نے بھی کہا کہ رضوان کی غلطی بہت مہنگی ثابت ہوئی۔