پیدل چلنے کی ضرورت ہے: چیف جسٹس، موسمیاتی تبدیلی خوراک کی قلت کا باعث ہے: جسٹس منصور علی شاہ

اسلام آباد (بیوروپرورٹ) چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے کہا ہے ماحولیاتی تحفظ کیلئے گھر سے اقدار پروان چڑھانے کی ضرورت ہے،موسمیاتی تبدیلی کے اثرات پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا جب انسانی ٹمپریچر بڑھتا ہے تو اس کا مطلب ہے ہم بیمار ہو رہے ہیں، صرف ایک ڈگری بڑھنے کو بخار بتایا جاتا ہے، آج زمین بیمار ہے، اس کو بخار ہے، ہم پلاسٹک کو بنا تو رہے لیکن اس کو تباہ نہیں کر رہے ہیں، ہر ڈاکٹر گوشت کے بجائے سبزیوں کے استعمال کا کہتا ہے، حضرت علی کا کہنا ہے اپنے معدے کو جانوروں کا قبرستان مت بنائیں،چیف جسٹس نے کہا ڈاکٹرز ہمیں صحت مند زندگی کیلئے واک کا بھی مشورہ دیتے ہیں، منصور علی شاہ صاحب نے ہائبرڈ گاڑیوں کا کہا لیکن ہمیں پیدل چلنے کی ضرورت ہے، اگر آپ چاہیں تو تمام ججز کو سائیکل مہیا کیے جاسکتے ہیں، بچپن سے بتایا جاتا تھا بجلی بچائیں کھانا بچائیں، جنہیں آج نظر انداز کر دیا گیا، ہم نے قدرتی وسائل کو ختم کر دیا، اسراف کے اجتناب سے قدرتی ماحول کو بچایا جا سکتا ہے،قاضی فائز عیسیٰ نے کہا ہم قدرت کو جاننے میں ناکام ہوئے ہیں، پرندے اپنے پسندیدہ ماحول میں رہنا پسند کرتے ہیں کتنے پرندے اور جانور آج دنیا سے ختم ہو رہے ہیں، سائنس نے اب بتایا ہے سمندری حیاتیات سمندر کی اپنی بقا کیلئے ضروری ہیں،سپریم کورٹ میں ماحولیاتی کانفرنس کے آغاز پر جسٹس منصور علی شاہ نے خطاب کرتے ہوئے جسٹس منصور علی شاہ نے کہا ہے موسمیاتی تبدیلی سے نبرد آزما ہونے کیلئے ہم سب متحد ہیں، چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور ساتھی ججز کو کانفرنس میں خوش آمدید کہتاہوں ، 2022میں پاکستان میں بہت بڑا سیلاب آیا، سیلاب نے ہزاروں لوگوں کو متاثر کیا اور ملک کو اربوں ڈالرز کا نقصان ہوا،جسٹس منصور علی شاہ نے کہاپاکستان دنیا کا پانچواں ملک ہے جس کو موسمیاتی تبدیلی کے خطرہ کا سامنا ہے، موسمیاتی تبدیلیوں سے پاکستان میں پانی کی قلت بڑھ رہی ہے، موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے خشک سالی ، تباہ کن سیلاب جیسے مسائل کا سامنا ہے، موسمیاتی تبدیلی سے درجہ حرارت بڑھ رہا ہے، موسم کی تبدیلی خوراک کی قلت کا باعث بن رہی ہے، یہ موسم کی تبدیلی لوگوں کی زندگیوں کیلئے خطرہ ہے۔