لاہور (ایجوکیشن رپورٹر) نوائے اساتذہ پنجاب کے عہدیداران نے موجودہ حکومت کی تعلیم دشمن پالیسیوں کیخلاف اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ ایسا لگتا ہے کہ حکومت کو کالجز میں استاد صرف ٹھیکے پر چاہئیں اور انہیں معیاری درس و تدریس سے کوئی سروکار نہیں اسی لئے جب سے یہ حکومت آئی ہے اسکی تعلیم دشمن پالیسیاں جاری و ساری ہیں۔ عہدیداران نے ان خیالات کا اظہار حکومت کی طرف سے کئے گئے تازہ ترین فیصلے پر کیا ہے جس میں حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ سرکاری کالجوں میں اساتذہ کی کمی پورا کرنے کیلئے انٹرنیز ٹیچرز بھرتی کئے جائیں گے۔ عہدیداران نے اس ”انمول“ تجویز پر مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اسی بنیاد پر حکومت دیگر قومی اداروں میں بھی انٹرنیز کے ذریعے وقتی بھرتی کرلیا کرے اس طرح حکومت کو بہت زیادہ مالی فائدہ ہوگا، نہ کسی کو ایگزیکٹو اور جوڈیشل الاﺅنس دینا پڑیگا، نہ فری گھر، کار ،بجلی اور پیٹرول ملے گا، نہ پنشن کا جھنجھٹ نہ نوکرچاکر کی پریشانیاں لاحق ہوںگی۔ انہوں نے کہا کہ خدارا سرکاری اداروں میں اساتذہ کی کمی ڈنگ ٹپاﺅ طریقے سے پوری کرنے کی بجائے صحیح پالیسی اختیار کرتے ہوئے مستقل بنیادوں پر قابل اور ہائی کوالیفائیڈ اساتذہ خالی آسامیوں پر فائز کیا جائے تاکہ ناتجربہ کار اور نااہل افراد کے ہاتھوں قوم کے بچوں کا مستقبل تباہ و برباد نہ ہو۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کالجز میں فوری طور پر مستقل اساتذہ فوری بھرتی کیا جائے تا کہ اداروں میں انرولمنٹ زیادہ ہو اور تعلیم کی فراہمی کے سلسلے میں ریاست کا بنیادی فرض بھی پورا ہو سکے ۔
حکومتی پالیسیاں تعلیم دشمن، حکمرانوں کو ٹھیکے پر استاد چاہئیں: نوائے اساتذہ پنجاب


















