پنجاب ہتک عزت قانون لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج، ارشد انصاری کا حکومتی پریس کانفرنسز،تقریبات کے بائیکاٹ کا اعلان

لاہور(کورٹ رپورٹر) پنجاب حکومت کے ہتک عزت قانون کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا گیا،ایڈووکیٹ ندیم سرور کے ذریعے لاہور ہائی کورٹ میں دائر کی گئی ہتک عزت قانون کےخلاف درخواست میں وزیر اعلیٰ اور گورنر پنجاب کو بذریعہ پرنسپل سیکرٹری فریق بنایا گیا ہے،درخواست میں مو¿قف اختیار کیا گیا ہے ہتک عزت قانون آئین اور قانون کے منافی ہے، ہتک عزت آرڈیننس اور ہتک عزت ایکٹ کی موجودگی میں نیا قانون نہیں بن سکتا، ہتک عزت قانون میں صحافیوں سے مشاورت نہیں کی گئی،عدالت عالیہ میں دائر درخواست کے مطابق ہتک عزت کا قانون جلد بازی میں صحافیوں اور میڈیا کو کنٹرول کرنے کےلئے لایا گیا ہے، عدالت ہتک عزت کے قانون کو کالعدم قرار دے اور درخواست کے حتمی فیصلے تک ہتک عزت قانون پر عملدرآمد روکا جائے ادھرصدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری نے تمام اسمبلیز، حکومتی تقریبات، فنکشن، پریس کانفرنسز کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا،ہتک عزت بل کے قانون کے نفاذ پر صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے ہم انصاف کےلئے اعلیٰ عدالتوں کا رخ کریں گے، پرامن احتجاج ہمارا قانونی اور آئینی حق ہے، اس کو استعمال کریں گے، اس طرح کے ہتک عزت بل آئین 1973 کے منافی ہے، جو ہمیں آزادی اظہار اور ہمارے پر قدغن لگاتا ہے، اس کو مکمل مسترد کرتے ہیں،ارشد انصاری نے مزید کہا وزیراعلیٰ صاحبہ آپ کے رائٹ اور لیفٹ والے چاہتے ہیں آپ جیل میں دوبارہ چلی جائیں، ہمارے پاس آپشن بہت کھلے ہیں، ہم عدالت جائیں گے، جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا اجلاس ہوگا۔