پاکستان نیشنز ہاکی کپ کے سیمی فائنل میں پہنچ گیا

پیرس (مشرق نیوز) نیشنز ہاکی کپ میں پاکستان کو آخری گروپ میچ میں فرانس کے ہاتھوں شکست ہوئی تاہم زیادہ گول اسکور کرنے کی بنیاد پر قومی ٹیم نے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔پولینڈ میں جاری نیشنز کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان کو فرانس کے خلاف تیسرے گروپ میچ میں سنسنی خیز میچ کے بعد شکست ہوئی، قومی ہاکی ٹیم نے فرانس کے خلاف 6 کے مقابلے میں 5 گول کئے۔گرین شرٹس کی جانب سے رانا عبدالوحید، ابوبکر محمود، عبدالحنان شاہد، عبدالرحمن اور مرتضیٰ یعقوب نے ایک، ایک گول سکور کیاتاہم پاکستان نے ملائیشیا سے بہتر گول اوسط کی بنیاد پر سیمی فائنل میں جگہ بنالی جبکہ فرانس پہلے ہی سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرچکا تھا۔یاد رہے کہ پاکستان نے مجموعی طور پر گروپ کے تین میچوں میں17 گول کئے، قومی ٹیم کے خلاف 11 گول ہوئے۔اس سے قبل قومی ہاکی ٹیم نے نیشنز کپ کے دوران ملائیشیا کے خلاف میچ 4-4 گول سے برابر کیا، اور کینیڈا کے خلاف 8-1 سے ناقابل یقین کامیابی حاصل کی تھی۔نیشنز کپ ہاکی ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں پاکستان کا مقابلہ نیوزی لینڈ سے ہفتے کو ہوگا۔