لندن (مشرق نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پوپ فرانسس سے اہم ملاقات کی،وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ویٹی کن سٹی کا دورہ کیا جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا، اس موقع پر محسن نقوی نے پوپ فرانسس سے ملاقات کی، ملاقات میں بین المذاہب ہم آہنگی، امن اور بھائی چارے کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا،پوپ فرانسس نے سانحہ جڑانوالہ کے بعد گرجا گھروں کی فوری تعمیر و مرمت کے کام کو سراہا،اس موقع پر پوپ فرانسس نے کہا پاکستان کے عوام کےلئے میرا پیغام امن کا ہے، ہم سب کو مل کر امن کیلئے کام کرنا چاہیے، وزیراعظم کی جانب سے پاکستان کے دورہ کی دعوت دی گئی ہے، دورے کی پوری کوشش کروں گا،وزیر داخلہ محسن نقوی نے فلسطین ایشو پر موثر موقف اپنانے پر پوپ فرانسس کا شکریہ ادا کیا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں اور اقدامات سے آگاہ کیا،محسن نقوی نے کہا دنیا کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے آپ کی خدمات لائق تحسین ہیں، مسئلہ فلسطین کے حوالے سے آپ نے جرات مندانہ موقف اختیار کیا جسے ہر ایک نے سراہا ہے، پاکستان میں اقلیتوں کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے، ہمارا دین، ہمارے نبی کریم، ہمارے قائداعظم اور ہمارا آئین بھی اقلیتوں کے تحفظ اور ان کا خیال رکھنے پر زور دیتے ہیں،وزیر داخلہ نے مزید کہا پاکستان میں بسنے والی اقلیتوں کو یکساں حقوق حاصل ہیں، دہشت گردی کےخلاف جنگ میں پاکستانی قوم اور افواج کی قربانیوں کی نظیر نہیں ملتی،اس موقع پر پوپ فرانسس نے پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے دعا کی اور پاکستانی عوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
پوپ فرانسس سے ملاقات، پاکستان میں بسنے والی اقلیتوں کو یکساں حقوق حاصل ہیں:محسن نقوی


















