ڈاکٹر ہیلن میری رابرٹ پاک فوج میں میرٹ و قومی نمائندگی کی ایک اور زندہ مثال

راولپنڈی:(بیورورپورٹ)کرنل ڈاکٹر ہیلن میری رابرٹ پاک فوج میں میرٹ و قومی نمائندگی کی ایک اور زندہ مثال بن گئیں، کرنل ڈاکٹر ہیلن میری رابرٹ حال ہی میں پاک آرمی میں بریگیڈیر کے عہدے پر ترقی پانے والی پہلی کرسچن خاتون ہیں۔

بانی پاکستان قائد اعظم نے 11 اگست 1947 کو پہلی دستور ساز اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے فرمایا تھا آپ آزاد ہیں، تعلق کسی بھی مذہب، ذات یا عقیدے سے ہو اس کا ریاستی امور سے کوئی تعلق نہیں ،ایک اور موقع پر بانی پاکستان نے فرمایا اقلیتوں کو بلاامتیاز ذات پات، رنگ، مذہب یا عقیدہ ہر لحاظ سے پاکستان کا شہری سمجھا جائے گا ،تمام حقوق و مراعات اور شہریت کے حقوق حاصل ہوں گے،کرنل ڈاکٹر ہیلن میری رابرٹ پاک آرمی کی میڈیکل کور میں 26 سال سے بطور پیتھالوجسٹ خدمات سرانجام دے رہی ہیں۔

کرنل ڈاکٹر ہیلن پاکستان آرمی میں رہتے ہوئے ملک و قوم کی خدمت کرنے کو اعزاز سمجھتی ہیں،کرنل ڈاکٹر ہیلن میری نے کہا پاک فوج نے قائد کے فرمان کو شعار بنایا،آرمی میں مذہبی، لسانی اور جنسی تفریق سے قطع نظر فیصلے کئے جاتے ہیں۔