جناح ہسپتال کی لانڈری مشینیں بند، گندے کپڑوں کے ڈھیر، بیماریوں میں اضافہ

لاہور (ہیلتھ رپورٹر) انتظامیہ کی غفلت اور لاپرواہی کے باعث جناح ہسپتال کی لانڈری مشینیں بند ہونے سے گندے، تعفن زدہ اور استعمال شدہ کپڑوں کے ڈھیر لگ گئے جس کے باعث ہسپتال میں علاج کیلئے آنے والے مریضوں کے مزید موذی امراض میں مبتلا ہونے کے خطرات پیدا ہونے لگے۔ آپریشن تھیٹرز میں بھی مریضوں کے استعمال شدہ گاﺅن، چادروں اور دیگر کپڑوں کے انبار لگ جانے کے بعد بازار سے ڈسپوزیبل سامان منگوایا جانے لگا جبکہ بعض شعبے کپڑے دھو کر استعمال کرنے لگے۔ہسپتال میں بے بس اور لاچار مریض ہاتھ سے دھلے گندے کپڑے دوبارہ پہننے پر مجبور ہیں جس سے نئی بیماریاں پھیلنے کا خدشہ ہے۔ دوسری طرف ہسپتال کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ لانڈری کیلئے محکمہ صحت سے جاری فنڈز ری ویمپنگ میں لگ گئے ہیں جس کے باعث لانڈری مشینوں کی مرمت کیلئے کوئی رقم نہیں بچی۔ اس سلسلے میں صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ ہسپتال کی لانڈری مشینوں کے خراب ہونے کا پتہ چلنے کے بعد انکو آﺅٹ سورس کرنے جا رہے ہیں۔