چناب نگر:بجلی ، گیس کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اوربھاری بلوں کیخلاف عوام کی چیخیں

چناب نگر:(انس نعمان) بجلی وگیس کی غیرا علانیہ لوڈشیڈنگ سے اور بلوں میں بے پناہ اضافے نے عوام کی چیخیں نکلوادیں،حکومت عوام کے بنیادی مسائل پر توجہ دیں:شہری۔ تفصیل کے مطابق شہر اور گردونواح سمیت ضلع بھر میں بدترین بجلی وگیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ دن کے اوقات کے علاوہ ساری ساری رات بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ بھی معمول بن چکی ہے،یہی صورت حال سوئی گیس کی ہے جوکہ کئی کئی گھنٹے غائب رہتی ہے جس سے گھریلو خانہ داری سمیت دیگر معاملاتِ زندگی شدید متاثر ہورہے ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ عوام الناس مہنگائی کی چکی میں پس کر کھانے کے لیے دو وقت کی روٹی کے لیے ترس رہے ہیں، بجلی پر چلنے والے کاروبار ٹھپ ہو کر رہ گئے، پاورلومز، فیکٹریوں اور دکانوں پر کام کرنے والے مزدوربدترین مہنگائی میں مزدوری کرنے سے بھی قاصر رہے اور ان کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑگئے۔شہریوں نے بجلی وگیس کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خاتمے اور مہنگائی پر قابو پانے کا مطالبہ کیاہے۔