وزیر آباد (تحصیل رپورٹر) صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ نجی تعلیمی اداروں میں یکم جون تا 15جولائی تین گھنٹے سمر کیمپ لگایا جائےگا۔ جن نجی اداروں میں امتحانات جاری ہیں وہ سکول کھول سکتے ہیں، انہیں ڈسٹرب نہیں کیا جائیگا۔ انہوں نے یقین دہانی کروائی کے دو دن تک اسکا نوٹیفکیشن جاری ہوجائےگا۔ وہ گزشتہ روز وزیر آباد میں پاکستان چیمبر آف ایجوکیشن کے سینئر نائب صدر سعید الحسن اعوان، مہر عاشق، طارق جاوید، قاضی نعیم انجم، محمد اکرم، احمد شاہد سمیت متعدد افراد سے گفتگو کررہے تھے۔ اس موقع پر دیگر تنظیموں کے رہنما بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ نویں اور دسویں کے طلبہ کا سمر کیمپ ہوگا، نجی ادارے 7 جون تک امتحانات مکمل کرلیں۔ انہوں نے تعلیمی حکام کو فوری طور پر کارروائی سے روکدیا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی ادارے بچوں کو مقاصد پاکستان سے آگا ہ کریں۔ شعبہ تعلیم میں بہتر سہولتوں کی فراہمی کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب کی حکمت عملی کے تحت جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مل بیٹھنے سے بہت سے مسائل کا حل تلاش کیا جاسکتا ہے۔ پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر گاڑیوں کے دو پہیوں کی طرح ہے جن کی منزل ایک ہے، معیاری تعلیم کیلئے دونوں کا اشتراک ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کی تعلیم کا بوجھ اٹھانے والے نجی سیکٹر کو ہم نظرانداز نہیں کرسکتے، یہ ہمارے دست و بازو ہیں۔ سرکاری سکولوں کی طرح پرائیویٹ سکولوں کو بھی سہولتیں مل رہی ہیں جبکہ آپس میں بیٹھنے سے مزید بہتری ہوگی۔ پرائیویٹ سیکٹر کیلئے دلچسپی سے حکومت کام کرنے کا عزم کئے ہوئے ہے۔
تعلیم کا بوجھ اٹھانے والے نجی سیکٹر کو نظرانداز نہیں کرسکتے: رانا سکندر حیات
















