شہباز ،نواز کی زیر صدارت طویل بیٹھک،بجٹ میں عوام کو ہر ممکن ریلیف کیلئے تجاویز لیں

لاہور (اپنے رپورٹر سے ) مسلم لیگ ن کا آئندہ مالی سال کے بجٹ میں عوام کو ریلیف دینے بارے سفارشات کے معاملہ پر اجلاس ہوا، اجلاس میں 3 نکاتی ایجنڈے پر تفصیلی مشاورت اور پارٹی قائدین کو بریفگ دی گئی،پارٹی ذرائع کے مطابق جاتی امراءرائیونڈ میں وزیراعظم شہباز شریف اور مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف کی زیر صدارت3 گھنٹے طویل مشاورتی اجلاس ہوا، اجلاس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وفاقی وزراءاورنگزیب ، ڈاکٹر مصدق ملک، اویس لغاری، عطاءتارڑ، رانا تنویر حسین سمیت دیگر شریک ہوئے،ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، پارٹی کے سینئر رہنما سینیٹر پرویز رشید، وفاقی و صوبائی محکموں کے مختلف سیکرٹریز نے بھی شرکت کی،ذرائع نے کہا طویل مشاورتی اجلاس میں آئندہ بجٹ میں عوام کو ہر ممکن ریلیف دینے کے اقدامات کی تجاویز پر تبادلہ خیال ہوا، وفاقی و صوبائی سطح پر عوام کو ہر ممکن ریلیف دینے کے حوالے سے اقدامات بارے تجاویز لی گئیں،اجلاس میں شرکت کرنے والے وفاقی وزراءاور سیکرٹریز نے اپنے اپنے محکموں کی جانب سے ممکنہ ریلیف کے اقدامات کی تجاویز پیش کیں، پارٹی قائدین نے بھی عوام کو ہر ممکنہ ریلیف دینے بارے اپنی اپنی تجاویز شرکاءکے سامنے رکھیں،علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنی صوبائی حکومت کی جانب سے بھرپور ریلیف فراہم کرنے کے اقدامات تجویز کیے جبکہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے بجٹ مشاورتی اجلاس میں اپنے وسیع تر سیاسی و انتظامی تجربے کی بنیاد پر ہدایات بھی جاری کیں۔