فیصل آباد :(بیورو رپورٹ) یونیورسٹی آف کیسل جرمنی کے سائنسدان ڈاکٹر اندریاس برکٹ نے کہاہے برصغیر میں سولر ٹیوب ویلز کی وجہ سے زیرزمین پانی کا بے دریغ استعمال ہو رہا ہے، زراعت میں پانی کے بے جا استعمال کو روکنے کےلئے قیمت کا نظام مرتب کرنا ہو گا، انہوں نے زرعی یونیورسٹی میںکانفرنس سے خطاب کے دوران کہا قدرتی وسائل کی عزت اور ماحول دوست ٹیکنالوجیز کو فروغ دینا ہو گا، پگھلتے ہوئے گلیشیئردنیا کےلئے بڑا مسئلہ ہے۔
اس موقع پر ڈاکٹر مارٹن ویل نے کہا ایشیا ءمیں پاکستان، ایران اور افغانستان موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے متاثر ہونے والے بدترین ممالک ہیں جہاں پر فی کس پانی میں بتدریج کمی واقع ہو رہی ہیں، پگھلتے ہوئے گلیشیئر سمندروں کی سطح میں اضافہ کر رہے ہیں،چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر مختار احمد نے کہا جنگلات کی کٹائی کی روک تھام، آلودگی اور پانی کے بے جا استعمال پر قابو اور فصلات پر کیڑے مار ادویات کا بے دریغ استعمال روکنے کے ساتھ ساتھ دیگر اقدامات کرنے ہوں گے، زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر اقرار احمد نے کہا ماحولیاتی نظام میں عدم توازن خطرناک حد تک بڑھ رہا ہے، پنجاب کا 70فیصد زرعی رقبہ گندم اور چاول کی فصلات پر مشتمل ہے اور یہ صوبے کا 75فیصد پانی استعمال کرتا ہے۔
ماحول دوست ٹیکنالوجیز کو فروغ دینا ہو گا:ڈاکٹر اندریاس برکٹ
















