اسلام آباد (مشرق نیوز) نئے قرض پروگرام کیلئے آئی ایم ایف سے مذاکرات کا آغازقرض اہداف کی پارلیمنٹ سے منظوری کے بعد ہوگا۔ ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف وفد کے ساتھ پاکستانی حکام کے مذاکرات کا آج آخری روز ہے۔ آئی ایم ایف کے ساتھ حالیہ مذاکرات قرض پروگرام کیلئے نہیں تھے۔ پارلیمنٹ سے قرض اہداف کی منظوری کے بعد آئی ایم ایف سے نئے قرض پروگرام پر مذاکرات کا آغاز ہوگا۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ آئی ایم ایف نے پاکستان سے معیشت کے بارے ڈیٹا حاصل کیا اور ڈیٹا وصولی کی بعد معیشت کا جائزہ لےکربجٹ کے خدوخال پاکستانی حکام کو بتا دئیے ہیں۔ نجکاری اور توانائی کے شعبے کی اصلاحات کے اہداف سے بھی پاکستانی حکام کوآگاہ کردیا گیا ہے۔
اگلے سال کیلئے ٹیکس وصولیوں اور ایف بی آر اصلاحات کے لائحہ عمل سے بھی آگاہ کردیاگیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بجٹ اہداف اورخدوخال کی پارلیمنٹ سے منظوری کے بعد مذاکرات شروع ہوں گے یہ پہلی بارہوگا کہ پاکستان مذاکرات سے پہلے آئی ایم ایف کے تمام مطالبات پر عملدرآمد شروع کردےگا یا اہداف اور خدوخال کی پارلیمنٹ سے منظوری کراکے ان پر عملدرآمدکی تاریخ کا تعین کریگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے قرض پروگرام کیلئے مذاکرات جون کے آخر میں شروع ہوں گے آئی ایم ایف اور پاکستانی حکام کوشش کررہے ہیں کہ یکم جولائی سے پہلے معاہدہ ہوجائے۔
پارلیمنٹ سے قرض اہداف کی منظوری کے بعد آئی ایم ایف سے قرض پروگرام پر مذاکرات ہوں گے


















