فیصل آباد: (بیورو رپورٹ)انڈونیشیا کے سفارتخانہ کے ناظم الامور رحمت ہندراتا کسوما نے کہا ہے کہ انڈونیشیا اپنا دارالحکومت جکارتہ سے بورنیو جزیرہ پر منتقل کر رہا ہے اور آئندہ سال ہم پاک انڈونیشیا سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ 32 ارب ڈالر سے زیر تعمیر مشرقی کالیمانتان کے نئے شہر میں منائیں گے
فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری میں خطاب کرتے ہوئے کہا رحمت ہندراتا کسوما نے کہاپاکستان اور انڈونیشیا کے تجارتی حجم کو تین گنا کرنے کی گنجائش موجود ہے جس کیلئے مشترکہ کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سال جکارتہ میں ٹریڈ ایکسپو انڈونیشیا میںفیصل آباد کے تاجر شرکت کر کے نہ صر ف انڈونیشیا بلکہ آسیان کی بہت بڑی منڈی سے فائدہ اٹھائیں۔ دنیا بھر سے ہر سال بڑی تعداد میں سیاح انڈونیشیا آتے ہیں لیکن ان میں پاکستانی سیاحوں کی تعداد بہت کم ہے۔ 400سے زائد پاکستانی طلبہ وظائف پر انڈونیشیا میں تعلیم بھی حاصل کر رہے ہیں جن میں مزید اضافہ بھی ہو سکتا ہے۔
فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے قائم مقام صدر ڈاکٹر سجاد ارشد نے بتایا کہ فیصل آباد چیمبر کے ممبرز کی تعداد 9000سے زائد ہے جو معیشت کے 118سیکٹر اور سب سیکٹرز سے تعلق رکھتے ہیں۔ ٹیکسٹائل اس شہر کی شناخت ہے جو پاکستان کے 40 فیصد سے زائد مزدوروں کو روزگار مہیا کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستا ن انڈونیشیا سے بڑی مقدار میں پام آئل درآمد کرتا ہے جبکہ ہم انڈونیشیا کو چاول اور کینو وغیرہ برآمد کر رہے ہیں۔ پاکستان انڈونیشیا کو 10 ارب ڈالر کا چاول اور ٹیکسٹائل مصنوعات برآمد کر سکتا ہے جبکہ گوشت کی برآمد کے بھی وسیع امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تجارتی توازن انڈونیشیا کے حق میں ہے جسے بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔
پاک انڈونیشیا تجارتی حجم کو تین گنا کرنے کی گنجائش ہے، رحمت ہندراتا
















