این اے 148 ملتان میں ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ کا عمل جاری

ملتان (مشرق نیوز) ملتان سے قومی اسمبلی کی نشست این اے 148 میں ضمنی انتخاب کیلئے تمام پولنگ سٹیشنوں پر پولنگ جاری ہے جو کہ شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گی۔ حلقہ این اے 148 ملتان میں8 امیدواران انتخاب میں حصہ لے رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے امیدوار علی قاسم گیلانی اور سنی اتحاد کونسل کے امیدوار تیمور الطاف کے مابین کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق ضمنی الیکشن کیلئے 275 پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے ہیں جس میں سے 69 پولنگ سٹیشن کو حساس قرار دیا گیا ہے، 4لاکھ 44ہزار 231 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ حساس پولنگ سٹیشنوںپر پاک فوج اور رینجرز کے جوان گشت پر مامور رہیں گے، حساس پولنگ سٹیشنوں پر سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کیے گئے ہیں جبکہ انٹری پر واک تھرو گیٹس بھی نصب کئے گئے ہیں۔ پولیس کے 3800 اہلکار و افسران ضمنی الیکشن میں ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں۔