لوگوں کو لاپتہ کرنےوالوں کےخلاف سزائے موت کی قانون سازی ہونی چاہیے:اسلام آباد ہائیکورٹ

اسلام آباد(بیورورپورٹ) شاعر فرہاد لاپتہ کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا ہے لوگوں کو لاپتہ کرنےوالوں کےخلاف سزائے موت کی قانون سازی ہونی چاہیے، وہی لوگ مسنگ ہیں جو لاپتہ افراد پر زیادہ بات کرتے ہیں، لاپتہ افراد پر بات کرنے کی وجہ سے شاعر کو اٹھا لیا گیا، باعث شرم بات ہے ہم سب کو پتہ ہے کون کیا کر رہا ہے،شاعر احمد فرہاد کی بازیابی کی درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی کے روبرو سماعت ہوئی، ایس ایس پی آپریشنز جمیل ظفر، احمد فرہاد کی اہلیہ کے وکیل ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ عدالت کے سامنے پیش ہوئے اور بتایا 2روز قبل احمد فرہاد اسلام آباد گھر سے لاپتہ ہوگئے، سرکاری وکیل نے کہا سپیشل انویسٹی گیشن ٹیم بنائی ہے کوشش جاری ہے،جسٹس محسن اختر کیانی نے ایس ایس پی سے کہا کیا آپ جب اداروں کو خط لکھتے ہیں تو کیا کوئی جواب کبھی آتا ہے؟ ایس ایس پی نے صاف الفاظ میں کہا کبھی مثبت جواب نہیں آیا،سرکاری وکیل نے کہا جو لوگ اٹھائے جاتے ہیں واپس آتے ہیں کہتے ہیں کاغان گیا ہوا تھا،جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا میں تو کہتا ہوں قانون سازی ہونی چاہیے لاپتہ افراد کے معاملے میں سزائے موت ہونی چاہیے، امید تو ہے ہم کہیں کہ ایسا کوئی قانون بنے گا کہ لاپتہ افراد ایکٹ بنے گا، وہی لوگ مسنگ ہیں جو زیادہ بات کرتے ہیں ان میں صحافی بھی ہیں، سیاسی ایکٹوسٹ کو بھی اٹھا لیا جاتا ہے کہاں ہے وزارت اطلاعات؟ سیکرٹری داخلہ اور سیکرٹری دفاع ذمہ دار ہیں،جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا مجھ سمیت ہر آدمی قابل احتساب ہے، اگر ضرورت پڑی تو وزیر اعظم کو بھی بلاو¿ں گا، اگر یہ اغوا کاروں کےخلاف کارروائی نہیں کریں گے تو گھر جائیں گے،جسٹس محسن اختر کیانی نے سیکرٹری داخلہ سے آئندہ سماعت پر رپورٹ طلب کرلی اور حکم دیا کہ وزارت دفاع کا آفیسر آئندہ سماعت پر پیش ہو، بعدازاں کیس کی سماعت پیر تک ملتوی کردی گئی۔