دبئی میں ہزاروں پاکستانی اربوں ڈالر کی جائیداد کے مالک، اہم شخصیات بھی شامل، ڈیٹا لیک

دبئی، اسلام آباد :(نمائندہ خصوصی) دبئی میں ہزاروں پاکستانی اربوں ڈالر کی جائیداد کے مالک، اہم شخصیات بھی شامل، ڈیٹا لیک ہوگیا۔

پراپرٹی لیکس میں انکشاف ہوا دبئی میں غیرملکیوں کی تقریباً 400 ارب ڈالرز کی جائیدادیں ہیں، پاکستانیوں کا دوسرا نمبر ہے، 17 ہزار پاکستانیوں نے دبئی میں 23 ہزار جائیدادیں خرید رکھی ہیں، صدر آصف زرداری کے 3 بچوں، سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف ،سابق وزیراعظم شوکت عزیز، درجن سے زائد ریٹائرڈ سرکاری افسروں، پولیس چیف، سفارتکار، سائنسدان کا نام بھی پراپرٹی لیکس میں شامل ہے۔

لیک ڈیٹا کے مطابق حسین نواز، وزیر داخلہ محسن نقوی کی اہلیہ ،شرجیل میمن وفیملی ممبرز ،سینیٹر فیصل واوڈا، بلوچستان، سندھ کے 6 سے زائد اراکین صوبائی اسمبلی بھی دبئی میں جائیدادوں کے مالک ہیں، بھارتی شہری دبئی میں جائیدادیں خریدنے والے غیرملکیوں میں سب سے آگے ہیں۔

پراپرٹی لیکس میں انکشاف ہوا 29 ہزار 700 بھارتیوں کی دبئی میں 35 ہزار جائیدادیں ہیں، مالیت تقریباً 17 ارب ڈالر ہے، 19 ہزار 500 برطانوی شہریوں کی دبئی میں 22 ہزار جائیدادیں ہیں، برطانوی شہریوں کی دبئی میں خریدی گئی جائیدادوں کی مالیت 10ارب ڈالر ہے،8 ہزار500سعودی شہریوں نے دبئی میں ساڑھے 8ارب ڈالرز کی 16 ہزار جائیدادیں خرید رکھی ہیں،تفتیشی پراجیکٹ پر 58 ملکوں کے 74 میڈیا اداروں کے رپورٹرز نے کام کیا۔

دوسری جانب سابق وفاقی وزیر سینیٹر فیصل واوڈا نے ردعمل دیتے ہوئے کہا پراپرٹی لیکس پروپیگنڈا مہم ،ٹائمنگ پر اعتراض ہے، پی ٹی آئی کے کسی بھی فرد کا پراپرٹی لیکس میں کوئی ذکر نہیں،مخصوص طبقے کو پراپرٹی لیکس میں نتھی کردیا گیا، سب کو نتھی کرکے ڈوزیئر جاری کیا جا رہا ہے۔ فہرست میں ایسے لوگ بھی شامل ہیں جو ایماندار ہیں،دبئی میں پراپرٹی جائز ہے یا ناجائز سب پر ناجائز کا ٹھپہ لگا دیا گیا، دبئی لیکس میں میرا نام ہے میں کیوں بتاو¿ں میری پراپرٹی ڈکلیئر ہے یا نہیں، کھیل ابھی شروع ہوا ہے پہلے سے بتا کر مزہ کیوں خراب کروں۔