آزاد کشمیر میں احتجاج ختم،معمولات زندگی،شہد ا کی یاد میں سوگ

مظفر آباد:(بیورورپورٹ)آزاد کشمیر میں احتجاج ختم،معمولات زندگی بحال،شہد ا کی یاد میں سوگ منا یاگیا۔

جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے اپنے اعلامیے میں کہاآزاد جموں و کشمیر حکومت نے مطالبات تسلیم کر لئے اب احتجاج کا کوئی جواز باقی نہیں ،ہڑتال ختم کرنے کااعلان کرتے ہیں،احتجاج ختم ہوتے ہی مظاہرین کی گھروں میں واپسی سے آزاد کشمیر بھر میں معمول زندگی ،موبائل،انٹر نیٹ سروسزبحال ہوگئیں جبکہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی جانب سے احتجاجی تحریک کے دوران 3 افرادکی ہلاکت کے باعث یوم سوگ منایاگیا،تمام نجی و سرکاری تعلیمی ادارے بند رہے۔

عوامی ایکشن کمیٹی آزاد کشمیر کے رہنماو¿ں نے کہا مارچ کے دوران پولیس تشدد کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن قائم اور مرنے والے نوجوانوں کو قصاص ادا کیاجائے،اعلامیے میں کہا گیا جوڈیشل کمیشن کی تحقیقات کو منظرعام پر لاکر مظاہرین پر تشدد کے ذمہ داروں کوقرار واقعی سزا دی جائے،حکومت سے مذاکرات میں مقدمات ختم اور گرفتار افراد کو رہا کرنے پر اتفاق ہوا ۔

ادھر عوامی ایکشن کمیٹی کے رہنما شوکت نواز میر نے کہاتحریک ایک سال تک جاری رہی، پہلی بار آزاد کشمیر بھر کے لوگ ایک پلیٹ فارم پر اکھٹے ہوئے، 3بنیادی مطالبات آٹا، بجلی سستی اور اشرافیہ کی مراعات کا خاتمہ تھا،مطالبات تسلیم کرنے پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔