ساہیوال (بےورورپورٹ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے پروگرام ”کلینک آن ویلز“ کا ضلع ساہیوال میں بھی آغاز ہو گیا ہے جس کا مقصد عوام کو صحت کی سہولیات ان کے گھروں تک پہنچانا ہے،ابتدائی مرحلے میں 6 گاڑیوں نے شہر کے مختلف علاقوں میں صبح 9بجے سے 3بجے تک مریضوں کو چیک کیا اور انہیں ادویات فراہم کیں جن آبادیوں میں ان ’کلینک آن ویلزنے خدمات فراہم کیں ان میں بابا مست کالونی، جہاز گراونڈ، لیبر کالونی، محلہ سلامت پورہ اور سندھی محلہ شامل ہیں۔ صرف ایک دن 13مئی کو ان 5 جگہوں پر 992مریضوں نے چیک اپ کرایا جن میں 67 حاملہ خواتین اور 243 بچے بھی شامل ہیں۔ ڈپٹی کمشنر صائمہ علی نے ان ’کلینک آن ویلز‘کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے مختلف آبادیوں کا دورہ کیا اور وہاں موجود مریضوں سے فراہم کردہ سہولیات بارے معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی ترجیح عوام کو علاج کی بہترین سہولیات کی فراہمی ممکن بنانا ہے اور اس منصوبے سے یہ سہولیات ان کو گھروں پر ہی دستیاب ہونگی اور ان مریضو ں کو ہسپتالوں اور مراکز صحت جانے کی بھی ضرورت نہیں۔ اس موقع پر آئے ہوئے متعدد مریضوں امداد علی،زینب،شریفاں بی بی،محمد انجم، گلستان خان اور محمد فیضان نے وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کے ا س پروگرام کو سراہا اور کہا کہ ان کی زندگیوں میں پہلی بار ہوا ہے کہ انہیں گھر بیٹھے ڈاکٹرز نے نہ صرف چیک کیا بلکہ انہیں ادویات بھی فراہم کیں۔ انہوں نے اس منصوبے کو شروع کرنے پر مریم نواز کا شکریہ بھی ادا کیا۔
وزیراعلیٰ کے ”کلینک آن ویلز“ کا ضلع ساہیوال میں بھی آغاز
















