محکمہ اوقاف،نذرانہ چور سکیورٹی گارڈ کی طرف سے دکانوں کی فروخت ،زونل ایڈمنسٹریٹرسہولت کار بن گیا

لاہور (قمر عباس نقوی) اوقاف زونل ایڈمنسٹریٹر لاہور ویسٹ کی سرپرستی میں نذرانہ چور سکیورٹی گارڈ عمران کی طرف سے پیر مکی سرکل ون کی وقف پراپرٹیز نیوانارکلی دوکان نمبر 1 اور نمبر 2 کو 32 لاکھ روپے میں فروخت کرنے کا میگا سکینڈل، زونل انتظامیہ کارروائی کرنے کی بجائے سہولت کار کا کردار ادا کرنے لگی۔ محکمے کو کروڑوں روپے مالی نقصان خسارہ، شہری کی طرف سے میگا سکینڈل پر درخواست کو تین ماہ گزرنے کے بعد بی سیکرٹری اوقاف کی کارروائی کرنے کی بجائے پراسرار خاموشی۔ تفصیلات کے مطابق اوقاف پنجاب لاہور زون ویسٹ کے سرکل پیر مکی میں نذرانہ چوری کا مرکزی ملزم اور ایڈمنسٹریٹر کا فرنٹ مین عمران کی کرپشن کا سلسلہ تھم نہ سکا۔ حال ہی میں کیش بکسز کشادگی کے دوران ایک لاکھ سے زائد رقم کی چوری کو دبانے کی خاطر سرکل پیر مکی منیجر کی جانب سے زیڈ اے کی ڈائریکشن پر جھوٹ پر مبنی رپورٹ کے پیش کرکے سکیورٹی گارڈ کو بچانے کی منصوبہ بندی اختیار کی گئی ہے جبکہ پیر مکی کی وقف پراپرٹیز کی فروخت کا سکینڈل منظر عام پر آچکا ہے۔ اس حوالے سے فروری 2024میں شہری کی جانب سے سیکرٹری اوقاف کو تحریری درخواست دی گئی تھی جس میں حاجی یعقوب وقف پراپرٹی نیو انار کلی کی دوکان نمبر 1اور دوکان نمبر 2جو کہ کرایہ داری پر دو مختلف نام کی خواتین کو دے رکھی ہیں اس کو فروخت کرنے کی خاطر سائرہ فہد نامی خاتون سے ساز باز کی گئی اور دوکان نمبر 1کی فروخت کی مد میں 15لاکھ 58ہزار 2سو 50وصول کئے گئے جس میں ٹرانسفر کی سرکاری فیس 9لاکھ روپے اور ذاتی اخراجات کی مد میں 6لاکھ 58ہزار 2سو 50روپے اسی طرح یونٹ نمبر 2کے لئے 17لاکھ روپے وصول کئے گئے تھے اس میں سینئر کلرک ریاض احمد کے ذریعے وصول کئے گئے زیڈ اے کا فرنٹ مین ورک چارج سیکورٹی گارڈ عمران کی جانب سے حاجی یعقوب وقف پراپرٹی کی نیو انار کلی میں یونٹ نمبر 1اور 2کی فروخت کی خاطر 32لاکھ روپے حاصل کئے گئے تھے خرید ار خاتون کو مقرر مدت تک قبضہ نہ دینے کی صورت میں رقم واپس کی جائیگی۔ وقف پراپرٹی کی خرید و فروخت پر عمران احمد سکیورٹی گارڈکی طرف سے سائرہ فہد کو اشٹام پیپر پر لکھ کر دیا گیا اور ساتھ ہی ذاتی اکاﺅنٹ بینک آف پنجاب کا 30لاکھ روپے کا چیک بھی دیا گیا ہے جو کہ زونل ایڈمنسٹریٹر لاہور زون شاہد ورک کے فرنٹ مین کی کرپشن کا منہ بولتا ثبوت ہے اسی طرح پیر مکی میں مالی بے ضابطگیوں میں ملوث سیکیورٹی گارڈ کے خلاف کارروائی کرنے کی بجائے ایڈمنسٹریٹر لاہور زون ویسٹ کی جانب سے سہولت کاری کا کردار ادا کیا جا رہا ہے۔ زونل ایڈمنسٹریٹر لاہور ویسٹ شاہد ورک کی سرپرستی میں عمران سیکورٹی گارڈ کی جانب سے کیا کیا مالی بے ضابطگیاں اور کرپشن کی گئی، اسکی تفصیلات روزنامہ ”مشرق“ نشاندہی کریگا۔ زونل ایڈمنسٹریٹر لاہور ویسٹ شاہد حسین ورک کو ان کی سرپرستی میں نذرانہ چور عمران سیکورٹی گارڈ کی جانب سے وقف پراپرٹیز کی فروخت پر موقف لینے کی خاطر رابطہ کیا گیا وٹس ایپ میسج بھی کیا گیا لیکن انہوں نے موقف نہیں دیا۔