ساہیوال (بےورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کی ڈویژن بھر میں کپاس کی بوائی کی جاری مہم تیز کرنے کی ہدایت،محکمہ زراعت کے فیلڈ افسران زیادہ سے زیادہ رقبے پر کپاس کی کاشت یقینی بنائیں۔کسانوں کو رہنمائی فراہم کرنے کیلئے نمبرداروں کے تعاون سے فارمرز میٹنگز بھی منعقد کی جائیں،کمشنر کی ہدایت۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں کپاس کی اب تک کی کاشت کے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں ڈپٹی کمشنر صائمہ علی ،ایڈیشنل کمشنر کو آرڈینیشن شفیق احمد ڈوگر اور ڈائریکٹر زراعت شہباز اختر سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ انہوں نے کپاس کی اب تک کی کاشت پر عدم اطمینان کا اظہار کیا اور اس ماہ کے آخر تک ٹارگٹ کے مطابق کپاس کی فصل کی کاشت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو محکمہ ریونیو اور محکمہ زراعت کے باہمی تعاون سے بھر پور مہم بھی چلانے کی ہدایت کی۔ ڈائریکٹر زراعت شہباز اختر نے بتایا کہ ساہیوال ڈویژن میں اب تک 68404ایکٹر پر کپاس کی فصل کاشت ہو چکی ہے جبکہ ہدف 118820ایکٹر ہے اس طرح ہدف کا 57.68فیصد حاصل کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پچھلے سال سے کم کاشت کی وجہ پیداوار کا مناسب معاوضہ نہ ملنا اور کسانوں کی طرف سے دوسری نقد آور فصلوں کی کاشت ہے جس سے کپاس کی فصل کاشت کرانے میں دشواری کا سامنا ہے۔
محکمہ زراعت فیلڈ افسران زیادہ رقبے پر کپاس کی کاشت یقینی بنائیں:کمشنر ساہیوال
















