کاہنہ، 3 دن سے ٹرانسفارمر خراب، شہریوں کی زندگی جہنم ،لیسکو اہلکاروں کا 4 لاکھ رشوت لیکر بھی دادرسی سے انکار

لاہور (سروے رپورٹ: نعیم جاوید) لاہور کے نواحی علاقہ کاہنہ نیو فیصل ٹاو¿ن میں 3 دن سے ٹرانسفارمر خراب ہونے کی وجہ سے انسانی المیہ پیدا ہوگیا۔ اہل علاقہ نے 4 لاکھ روپے چندہ اکٹھا کر کے لیسکو والوں کو دئیے مگر تبدیل شدہ ٹرانسفارمر بھی ایک گھنٹے کے بعد خراب ہوگیا۔ شدید گرمی میں بچوں، عورتوں اور بزرگوں کی چیخیں نکلوا دیں۔ اس سلسلے میں روزنامہ ”مشرق“ لاہور نے اہل علاقہ سے بات کی تو مقامی رہائشی عبدالرحمن سید نے بتایا کہ 3 دن پہلے ٹرانسفارمر خراب ہوا، ہم نے لیسکو آفس شکایت کی تو اہلکاروں نے کہا کہ اس کو ٹھیک کروانے میں 10 دن لگ سکتے ہیں، تاہم اگر آپ لوگ 4 لاکھ روپے دیں تو فوری کام ہوجائیگا جس پر ہم اہل علاقہ نے 4 لاکھ روپے اکٹھے کرکے انکو دئیے اور وہ ٹرانسفارمر تبدیل کر کے چلے گئے لیکن تبدیل شدہ ٹرانسفارمر صرف ایک گھنٹہ ہی چل سکا۔ اب لیسکو والے کہتے ہیں کہ جب آپکی باری آئیگی تو ٹرانسفارمر تبدیل کردیا جائیگا۔ ایک اور رہائشی جاوید اقبال نے بتایا کہ بجلی نہ ہونے کی وجہ سے پانی بھی نہیں آرہا، شدید گرمی سے بچوں، عورتوں اور بزرگوں کا برا حال ہوگیا ہے مگر لیسکو حکام 4 لاکھ روپے کھانے کے بعد بھی ٹرانسفارمر تبدیل کرنے کو تیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اہل علاقہ مطالبہ کرتے ہیں کہ ٹرانسفارمر فوری طور پر تبدیل کیا جائے اور 4 لاکھ روپے کھانے والوں کیخلاف فوری محکمانہ کارروائی بھی کی جائے۔