کمشنر ساہیوال کی ذاتی دلچسپی، بس اڈوں سے ریکارڈ آمدن

ساہیوال (بےورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کی ذاتی دلچسپی اور مسلسل مانیٹرنگ سے میونسپل کارپوریشن کو شہر کے دونوں بس اڈوں سے روزانہ ریکارڈ آمدن حاصل ہورہی ہے جو موجودہ مالی سال میں اب تک ایک کروڑ76لاکھ20ہزار روپے سے زائد ہے جبکہ پچھلے سال اسی عرصے کے دوران صرف95لاکھ47ہزار روپے آمدن ہوئی تھی۔ اس طرح شہر کے دونوں بس اڈوں سے اب تک54فی صد زائد آمدن حاصل ہو چکی ہے۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے ریکارڈ ریکوری پر چیف آفیسر ایم سی شیخ اشفاق احمد اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا اور ہدایت کی کہ جس شفافیت اور فرض شناسی سے بس اڈوں سے ریکوری کی جارہی ہے وہ قابل ستائش ہے۔ چیف آفیسر نے بتایا کہ اولڈ جی ٹی روڈ بس سٹینڈ سے یکم جولائی سے10مئی تک ایک کروڑ 25لاکھ 89ہزار روپے حاصل ہوئے جبکہ روزانہ ریکوری45ہزار روپے ہے۔ اسی طرح سٹی بس سٹینڈ سے اب تک 50لاکھ 31ہزار روپے ریکوری ہوئی جو روزانہ ریکوری16ہزار روپے سے زائد ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کارپوریشن کا عملہ ریکوری کیلئے تین شفٹوں میں دونوں بس سٹینڈز پر ڈیوٹی سرانجام دے رہا ہے۔ کمشنر شعیب اقبا ل سید نے ہدایت کی کہ بائی پاس سے گزرنے والی پبلک ٹرانسپورٹ سے بھی ریکوری کی جائے جس کیلئے سیکرٹری آرٹی اے اور موٹروے پولیس کی خدمات حاصل کی جائیں۔