قومی کرکٹرز بھی ہاکی ٹیم کی سپورٹ میں بول پڑے

ڈبلن (مشرق نیوز) اذلان شاہ کپ میں پرفارمنس پر قومی کرکٹرز بھی ہاکی ٹیم کی سپورٹ میں بول پڑے، کپتان کرکٹ ٹیم بابر اعظم نے کہا ہے کہ اپنی ہاکی ٹیم پر بے حد فخر ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں بابر اعظم نے کہا کہ پاکستان ہاکی ٹیم نے محدود وسائل میں شاندار پرفارمنس دی۔بابر اعظم نے کہاکہ ان کی سپورٹ جاری رکھیں، یہ ضرور ٹرافی جیتیں گے، پاکستان ہاکی ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔قومی ٹیم کے فاسٹ بالر شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ پاکستان ٹیم ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہی، فائنل میں آخری وقت تک لڑی۔انہوںنے کہاکہ اس کارکردگی پر ٹیم ہماری مکمل سپورٹ کی مستحق ہے، ہم سب کو پاکستان ہاکی ٹیم پر فخر ہے۔شاہین آفریدی نے کہا کہ آیئے سب مل کر پاکستان سپورٹس کیلئے مل کر کام کریں۔