چنیوٹ :(رانا وقاص احمد کاوش) محافظ ہی بنے لٹیرے۔ چنیوٹ پولیس کے شیر جوان کا موٹر سائیکل چور گینگ کےساتھ ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے، 8 ماہ قبل تھانہ رجوعہ کے علاقے سے چوری ہونے والا موٹر سائیکل تھانہ سٹی پولیس کے زمان نامی اہلکار سے برآمد ہو گیا۔
8 مہینے قبل تھانہ رجوعہ کے علاقہ سے ذیشان نامی شہری کی موٹر سائیکل چوری ہو گئی جسکی ایف آئی آر بھی درج کی گئی تھی لیکن مدعی تھانہ کے چکر ہی کاٹتا رہ گیا جبکہ چنیوٹ پولیس کا زمان نامی اہلکار موٹر سائیکل کے سپیئر پارٹس بدل کر اور پولیس کی نمبر پلیٹ لگوا کر شہر میں گھوم رہا تھا۔
سیاسی پارٹی کی جانب سے احتجاج کی سیکیورٹی پر مامور پولیس اہلکار جیسے ہی وہاں پہنچے تو مدعی ذیشان نے فوراً اپنا موٹر سائیکل پہچان لیا۔ پہلے تو پولیس ماننے کو تیار ہی نہیں تھی لیکن جب موٹر سائیکل کے کاغذات میچ کیئے گئے تو پتہ چلا کہ یہ تو وہی چوری کی موٹر سائیکل ہے۔ تھانہ سٹی پولیس موقع پر پہنچ کر موٹر سائیکل اور زمان نامی پولیس اہلکارکو اپنے ساتھ تھانے لے گئی۔ چنیوٹ شہر میں آئے روز موٹر سائیکل چوری یا چھینے جانے کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ پولیس کی جانب سے کوئی حکمت عملی اختیار نہ کی گئی۔ م±دعی کا کہنا ہے کہ تھانہ سٹی پولیس کسی بھی قسم کی قانونی کاروائی سے روک رہی ہے اور زمان نامی پولیس اہلکار کا کہنا ہے کہ موٹر سائیکل لے لو اور معاملہ رفع دفع کرو۔ چنیوٹ کے شہریوں نے اعلیٰ حکام سے فوراً واقع کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
محافظ بنے لٹیرے، چنیوٹ پولیس کا شیر جوان موٹر سائیکل چور گینگ کا رکن نکلا
















