وفاق پیسے واپس کرے،انتہائی اقدام اٹھانے پر مجبور نہ کیا جائے،گنڈاپور

ڈیرہ اسماعیل خان:(مشرق نیوز)وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور نے احتجاجی تحریک چلانے کااعلان کردیا۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور نے کہا وفاق پیسے واپس کرے،صوبے کے عوام اپنے حقوق سلب کرنے پر وفاق کےخلاف تحریک چلائیں گے،بدترین لوڈ شیڈنگ برداشت نہیں ،انتہائی اقدام اٹھانے پر مجبور نہ کیا جائے،میرے صوبے کے لوگوں کو بجلی یا گیس چور کہا جائے گا تو برداشت نہیں کروں گا، وفاق نے اربوں روپے دینے ہیں،وارننگ کے باوجود عمل نہ کیا تو ذمہ دارخود ہوں گے۔

وزیراعلیٰ کے پی نے کہاصوبے کے لوگوں کو مہنگی بجلی دی جارہی ہے، پی ٹی آئی دور میں بجلی کا یونٹ 16روپے کا تھا،اب 65 کا ہوگیا ،شعبہ صحت پر بہت کام کرنا ہے، رشوت لینے اور دینے والا نہیں بچے گا، سرکاری پیسہ کھانےوالا جیل جائے گا،تحریک چلانے کےلئے راستہ ہموار ہے،نا انصافی پر خاموش نہیں رہیں گے۔

علی امین گنڈا پور نے کہاقبائلی علاقے کے لوگوں کے پاس کھانے کےلئے کچھ نہیں ،مزید کسی بھی قسم کا بوجھ نہیں ڈالنے دیں گے،وفاق سے خیرات نہیں بلکہ اپنا حصہ مانگا،واجبات فوری ادا کیے جائیں۔