سعودی وفد کاکامیاب دورہ اہم سنگ میل، تعریف سے دل باغ باغ ہوگیا،شہباز

اسلام آباد: (بیورورپورٹ) وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی کاروباری وفد کے کامیاب دورے کو ملکی معیشت کےلئے اہم سنگ میل قراردیتے ہوئے کہا سعودی کمپنیوں نے مختلف شعبہ جات میں سرمایہ کاری کا جائزہ لیا،وفد کے سربراہ پاکستانی حکام کی تیاری سے بے حد متاثر ہوئے، وفد دورے کی پیشرفت سے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان و دیگر متعلقہ حکام کو آگاہ کرےگا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گفتگوکرتے ہوئے کیا۔

شہبازشریف نے کہا سعودی کاروباری وفدنے پاکستان کی مہمان نوازی کا کھلے دل سے اعتراف کیا ،وفد نے جس گرمجوشی کا مظاہرہ کیا وہ میرے لئے باعث فخر ہے، سعودی وفد نے وزرا کی تیاری کو بے حد سراہتے ہوئے دورے پر انتہائی اطمینان کا اظہار کیااور کہاانتہائی مسرت کےساتھ واپس جا رہے ہیں ،سعودی عرب جا کر بتائیں گے پاکستان میں نیا دور دیکھا ،سعودی وفد کے سربراہ کی تعریف سے دل باغ باغ ہوگیا،دورے کو کامیاب بنانے کےلئے وفاقی وزیرتجارت ، وفاقی وزیرپٹرولیم، وفاقی وزیر خزانہ، وفاقی وزیر ہوا بازی اور وفاقی وزیر بجلی سمیت متعلقہ سیکرٹریز ،وزارتوں کا بڑااہم کردار رہا ہے، بہترین کاوشیں لائق تحسین ہیں ،مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

دریں اثنا وفاقی کابینہ نے وزارت ہوا بازی کی سفارش پر ائیر سیال کو چین، ملائیشیا، سری لنکا، تھائی لینڈ، ترکیہ، برطانیہ اور کویت میں فلائٹ آپریشنز شروع کرنے کی منظوری دےدی، منظور ی نیشنل ایوی ایشن پالیسی 2023 اور ائیر سروسز ایگریمنٹ کے تحت دی گئی ،کابینہ نے وزارت تجارت کی سفارش پر اسلامی جمہوریہ پاکستان اور کنگڈم آف کولمبیا کے درمیان مشترکہ تجارتی کمیٹی کے قیام کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط ،وزارت وفاقی تعلیم و فنی تربیت کی سفارش پر ڈائیریکٹوریٹ جنرل آف اسپیشل ایجوکیشن کو وفاقی وزارت انسانی حقوق سے وزارت وفاقی تعلیم و فنی تربیت کے حوالے کرنے کی منظوری بھی دےدی۔

مزید برآں جاپانی کمپنیوں و کاروباری شخصیات کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا پاکستان میں الیکٹرک گاڑیوں کی صنعت میں سرمایہ کاری کی وسیع استعداد موجود ہے، بہترین ٹیکنالوجی کی حامل جاپانی کمپنیاں بھرپور فائدہ اٹھا سکتی ہیں،مسائل کے حل کیلئے کمیٹی تشکیل دےدی ،جاپانی تاجروں ،پاکستانی حکومتی اہلکاروں کے تعاون سے ایک ہفتے کے دوران مسائل کا حل یقینی بنایا جائے گا۔