کندیاں:سابق ایم پی اے نے غلط تقسیم کرواکر شہریوں کی زمین پر قبضہ کر لیا

کندیاں:(سعید عابد) موضع نصیر والا کے رہائشیوں کی ملکیتی زمین پر مبینہ طور پر سابق ایم پی اے کی جانب سے محکمہ مال پر دباو ڈال کر غلط تقسیم کرواکر قبضہ کرلیا ۔

موضع نصیر والا کے مالکان اراضی غلام اعظم،محمد شریف،محمد حنیف،غلام قادر،خادم حسین، دین محمد و دیگر نے کہا کہ وہ موضع نصیر والا میں 1971 سے مالک اراضی چلے آرہے ہیں جبکہ ہمارے رقبہ سے ملحقہ رقبہ سابق ایم پی اے ملک فیروز جوئیہ کا ہے جوکہ ہمارا رقبہ اونے پونے داموں خریدنا چاہتا تھا لیکن ہم کسی دوسرے خریدار کو اپنا ملکیتی رقبہ فروخت کررہے تھے جوکہ ان کو ناگوار گزرا اور پٹواری موضع نصیر والا یسین اور تحصیلدار فضل الٰہی کی جانب سے درج کیا گیا انتقال رکوا دیا گیا جبکہ ہم 14 لاکھ سرکاری انتقال فیس بھی خزانے میں جمع کرواچکے ہیں اور رقبہ کا انتقال رکوانے کیلئے سٹے آرڈر لیکر محکمہ مال کے عملہ کو ڈرا دھمکا کر رقبہ کی غیر قانونی تقسیم کرکے ہمارے حصہ کے رقبہ پر قبضہ کرلیا گیا اور ہمارا رستہ بھی بند کردیا گیا ۔

متاثرین نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی جانب سے ہارے ہوئے شخص کو ضلع میں اس لئے اہم عہدوں سے نوازا جارہا ہے کہ وہ ہم غریبوں کی رقبوں پر دھونس و دھاندلی جما کر قبضہ کرسکیں ،فوری نوٹس لیا جائے اور اعلی سطحی انکوائری کمیٹی بنا کر محکمہ مال کے عملہ اور سابق ایم پی اے کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے اور ہمیں انصاف فراہم کیا جائے۔