کوریا کے سفیر کی ملاقات، شاہدرہ میٹروسٹیشن کا افتتاح،جلد الیکٹرک بسیں لائینگے،مریم نواز

لاہور:(اپنے رپورٹر سے )وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے شاہدرہ میٹروبس سٹیشن ری ماڈلنگ پراجیکٹ کا افتتاح کردیا،میٹرو بس سٹیشن کا دورہ کیا، تعمیراتی کاموں کے معیار کو سراہا،دستیاب سہولتوں کا جائزہ لیا۔

مریم نواز نے لیڈی کاونٹر کے لیڈی سٹاف سے بات چیت کرتے ہوئے کہا مجھے آپ پر فخر ہے،مسافروں کی بھر پور خدمت کریں،بعدازاں وزیر اعلیٰ اچانک میٹرو بس پرسوار ہوگئیں اورقذافی سٹیڈیم تک سفر کیا ،صورتحال کا خود جائزہ لیا۔

سیکرٹری ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ احمدجاوید قاضی نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا میٹرو بس میں ایک ارب 36کروڑ سے زائدمسافر سفر کر چکے ،روزانہ ایک لاکھ 76 ہزارسے زائد افراد سفر کرتے ہیں،شاہدرہ میٹرو بس اسٹیشن پر روزانہ کے مسافروں کی تعداد 25ہزار سے زائد ہے،شاہدرہ میٹرو بس سٹیشن کی خستہ حالی اور مسافروں کی مشکلات کے پیش نظر ری ماڈلنگ کی گئی ،پہلی مرتبہ خواتین کیلئے مخصوص ٹکٹ کاونٹرقائم کردیا،پیدل آنے والوں کیلئے سیڑھیوں ،کوریڈور پر روف کنوپی نصب کی گئی۔

مریم نواز نے نئے میٹرو بس سروس سٹیشن کو سراہتے ہوئے کہاموسمیاتی تبدیلی ،ماحولیاتی آلودگی سے نمٹنے کیلئے جدید ترین پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم ناگزیر ہے، پبلک ٹرانسپورٹ کے استعمال سے ماحولیاتی آلودگی کم ہوسکتی ہے،لاہور میں جلد الیکٹرک بسیں لا رہے ہیں۔

دریں اثنا وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے جمنیزیم میں پہلی چیف منسٹر پنک گیمزکی اختتامی تقریب میں شرکت کی اورلاہورکالج فاروویمن یونیورسٹی کی ٹیم کو ٹرافی دی،کامیاب ٹیموں میں انعامات تقسیم کیے،جیتنے والی321 ٹیموں کو کیش پرائز چیک بھی دیئے گئے، مریم نواز کھلاڑیوں کے پاس پہنچ کر گھل مل گئیں،ننھی بچی کا ہاتھ پکڑ کر ساتھ بیٹھا لیا،کھلاڑیوں کےساتھ فوٹو بھی بنوائے،وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے خطاب کرتے ہوئے پھول پیش کرنیو الی کمسن پلیئر کو سٹیج پر بلا کر گلے لگا لیا،ننھی بچی خوشی سے آنسووں پر قابو نہ رکھ سکی۔

اختتامی تقریب میں پلیئرز سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہاآئی لو یو، مجھے آپ پر فخر ہے،آپ کو کھیلتے دیکھا،نہایت پروفیشنل وے میں کھیل رہے تھے،کھلاڑیوں سے مجھے اتنا پیار ملا جتنا اتنا سوچ نہیں سکتی، آپ کا ٹیلنٹ دیکھ کر خوش ہوں،مجھے یقین ہے سب بیٹیاں دنیا پر راج کریں گی۔

مزید برآںوزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے جنوبی کوریا کے سفیر پارک کیجن نے ملاقات کی ،باہمی اشتراک کار پر اتفاق اوردوطرفہ تعاون کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا گیا،مریم نواز نے کہا صنعتی ترقی کےلئے کوریا کی ٹیکنالوجی سے مستفید ہونا چاہتے ہیں، الیکٹرانکس، آٹوموبیل و انفارمیشن ٹیکنالوجی میں کوریا کے اشتراک کار کا خیر مقدم کریں گے،پنجاب میں زراعت ،مائننگ انڈسٹری میں سرمایہ کاری کا وسیع پوٹینشل موجود ہے، کوریا کےساتھ دو طرفہ تجارتی حجم میں مزید اضافہ ہونا چاہیے، جنوبی کوریا کو پنجاب میں آٹوموبیل سیکٹر میں سرمایہ کاری کیلئے معاونت کریں گے۔