قائدین خیبر پختونخوا کی عوام کو مصیبت میں تنہا نہیں چھوڑیں گے:خواجہ عمران نذیر

لاہور (ہیلتھ رپورٹر) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر خیبر پختونخوا میں بارشوں سے متاثرہ افراد کے لئے امدادی سامان لیکر پشاور گئے اور 6 ٹرک سے زائد کا امدادی سامان سٹی کونسل پشاور کے میئر جاجی زبیر علی کے حوالہ کیا۔ پشاور میئر ہاو¿س میں تقریب تقسیم امدادی سامان اور میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ ہمارے قائد میاں نواز شریف اور وزیر اعلی مریم نواز شریف کی ہدایات کے تحت خیبر پختونخوا کے عوام کے لئے امدادی سامان لیکر حاضر ہوا ہوں، ہمارے قائدین خیبر پختونخوا کی عوام سے بہت پیار، محبت کرتے ہیں۔ہم مصیبت اور تکلیف کی اس گھڑی میں پختونخوا کے عوام کے ساتھ ہیں۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ خیبر پختونخواہ کی عوام کی مدد کے لئے پنجاب حکومت ہر ممکن وسائل فراہم کرے گی۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں بارشوں اور سیلاب سے تباہی کی بحالی کیلئے پنجاب بڑا بھائی کا کردار ادا کرتا رہے گا۔وزیر اعلی پنجاب نے خیبر پختونخوا کے متاثرین کی خصوصی مدد کے احکامات دئیے تھے۔اس موقع پر خواجہ عمران نذیر نے سیلاب سے متاثرہ افراد میں پنجاب حکومت کی جانب سے امدادی سامان تقسیم کیا۔بارش سے متاثرہ افراد نے امدادی سامان ملنے پر میاں نواز شریف، مریم نواز شریف کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔صوبائی وزیر صحت عمران نذیر نے سٹی کونسل پشاور کے اراکین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پشاور سٹی کونسل کے میئر کی درخواست پر فیلڈ ہسپتالوں کو ایک ہفتہ کے لئے پشاور بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کل رات تک فیلڈ ہسپتال پشاور پہنچ جائیں گے، ادویات، ٹیسٹس، ڈاکٹرز کی ٹیمیں ہمراہ ہوں گی۔ پشاور میں ہمارے فیلڈ ہسپتال خیبر پختونخوا کے عوام کو جدید طبی سہولیات مفت فراہم کریں گی۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی محترمہ مریم نواز شریف کی انسان دوست پالیسیوں پر عمل جاری رکھیں گے۔اس موقع پر پشاور سٹی کونسل کے میئر حاجی زبیر علی نے بھی خطاب کیا اور امدادی سامان بھیجنے پر حکومت پنجاب کا شکریہ ادا کیا۔پشاور سٹی کونسل کے میئر نے خواجہ عمران نذیر کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔پشاور سٹی کونسل نے صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر، سابق ایم پی اے عمران صدیق بھٹی کو روایتی پگڑیاں پہنائیں۔چیف ڈرگ کنٹرولر اظہر جمال سلیمی، ڈائریکٹر پی ڈی ایم اے محمد عرفان، رانا عمران، سیف الدین، ڈاکٹر شاہجہان صوبائی وزیر کے ہمراہ تھے۔اس موقع پر سٹی کونسل پشاور کے مئیر، ڈپٹی میئر، اراکین، بلدیاتی نمائندوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔