نارووال (بیورو رپورٹ) وفاقی وزیرمنصوبہ بندی ،ترقی و خصوصی اصلاحات احسن اقبال نے کہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے سابقہ نگران دور میں گندم کی خریداری میں گھپلے کرنے والوں کے خلاف کمیٹی بنا کر معاملے کی تحقیقات کرنے کا حکم دےدیا،ان خیالات کا اظہار انہوں نے نارووال میں مختلف منصوبوں کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ احسن اقبال نے کہا ملک کو معاشی طور پر مستحکم بنانے کیلئے اس وقت ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم لڑائی کی بجائے مل بیٹھ کرمسائل کے حل کی طرف جائیں تاکہ سیاسی طور پر امن اور استحکام ہو اور پالیسیوں کا تسلسل بھی ہو اور سرمایا یہ کاری کی راہ ہموار کی جا سکے۔ انہوں نے کہا پیپلز پارٹی کے ساتھ ہماری اچھی ورکنگ ریلیشن شپ ہے ، میں امید کرتا ہوں وہ ہماری کابینہ کا حصہ بنیں گے اور تعمیر وطن کے اس سفر میںہم ان کے تجربے سے استفادہ حاصل کریں گے ۔ہماری نظر 2047ءمیں منائے جانے والے وطن عزیز کے 100 سالہ جشن آزادی پر ہونی چاہئیں اور ہمیں آج پلاننگ کرنی ہو گی کہ ہم2047ءتک کے اہداف کو کس طرح حاصل کر سکتے ہیں ۔ احسن اقبال نے کہا کہ آپ اگر ڈاکٹر ہیں تو پاکستان آپ کا ہسپتال ہے ، ایک ٹیچر کا پاکستان اس کا سکول ہے اور ہم اپنی اپنی جگہ پر بہتر کام کر کے اپنے پیارے وطن کی خدمت کر سکیں ۔بعد ازاںاحسن اقبال نے نارووال رنسیوال پھاٹک سے ریلوے سٹیشن تک روڈ لائٹس کا افتتاح کیا۔
پیپلز پارٹی کےساتھ اچھی ورکنگ ریلیشن شپ، امید ہے کابینہ کا حصہ بنیں گے :احسن اقبال
















