فیصل آباد:(صداقت علی)سابق وزیرمملکت پانی و بجلی عابد شیرعلی نے کہا ہے کہ تاجروں کی مشاورت کے بغیر آٹھ بازاروں‘ گول بازاروں اور ان کی ملحقہ گلیوں میں کوئی آپریشن نہیں ہو گا‘ سپریم انجمن تاجران کی انتظامی افسران سے میٹنگ میں آٹھ بازاروں میں آپریشن پر مشاورت ہو گی اور باہمی مشاورت سے ہی آٹھ بازاروں میں کسی قسم کا کوئی آپریشن ہو گا۔ فی الحال آٹھ بازاروں میں تجاوزات کے خلاف آپریشن روک دیا گیا ۔
عابد شیرعلی نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت تاجر دوست حکومت ہے‘ ہم روزگار چھیننے نہیں بلکہ دینے آئے ہیں۔ نواز شریف نے ہمیشہ تاجروں کو ریلیف دیا ہے‘ اور آئندہ بھی تاجروں کے مسائل حل کریں گے۔ تاجر اطمینان سے اپنا کاروبار جاری رکھیں کسی کے ساتھ کوئی زیادتی نہیں ہونے دی جائے گی۔ امین بٹ نے کہا کہ سپریم کورٹ کے آرڈرز کی آڑ میں ہم کسی محکمے کے کسی افسر کو تاجروں سے زیادتی نہیں کرنے دیں گے۔ چوہدری شیرعلی سابق میئر کے دور میں تاجروں کو جو جگہ مختص کی گئی ہے وہ ان سے کسی قیمت پر واپس نہیں لی جا سکتی۔ اگر کسی نے تاجروں کو تنگ کرنے کی کوشش کی تو ہم سخت مزاحمت کریں گے اور پرامن احتجاج کا راستہ اپنائیں گے۔ دکانوں کے اوپر لگے شٹر مسمار نہ کئے جائیں۔ عمران شیرعلی نے کہا کہ ٹریفک کا نظام اس وقت تک صحیح نہیں ہو سکتا جب تک پارکنگ پلازے تعمیر نہیں ہوتے۔
روزگار چھیننے نہیں دینے آئے ہیں،تجاوزات کیخلاف آپریشن نہیں ہوگا،عابد شیر علی
















