بس مجھے قتل کرنا رہ گیا، غلامی پر موت کو ترجیح دوں گا،عمران خان

راولپنڈی ،لاہور:(بیورورپورٹ،کورٹ رپورٹر)سابق وزیراعظم وبانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے بس مجھے قتل کرنا رہ گیا ،مرنے سے نہیں ڈرتا، غلامی پر موت کو ترجیح دوں گا،برطانوی جریدے دی ٹیلی گراف کےلئے جیل سے خصوصی طور پر لکھی گئی اپنی تحریر میں سابق وزیر اعظم نے کہا 2سال پہلے میری حکومت کےخلاف انجینئرڈ عدم اعتماد پیش کی گئی اور اسٹیبلشمنٹ کے تعاون سے حکومت وجود میں آئی،پارٹی کو ختم کرنے کےلئے ہر حربہ آزمایا گیا،8 فروری کو ہونےوالے عام انتخابات نے ڈیزائن کی مکمل ناکامی کو ظاہر کردیا،عدلیہ کی آزادانہ کارروائی کو ہر سطح پر تباہ کرنے کی منظم کوشش شاید سب سے بدتر پیشرفت ہے،میری اور اہلیہ کی جان کو خطرہ ہے، بحران سے نکلنے کاواحدراستہ عوام کا مینڈیٹ بحال ،تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے۔

دریں اثنا اپنے پیغام میں عمران خان نے کہاچیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ پی ٹی آئی کےخلاف بی ٹیم بنے ہوئے ہیں،جج صاحبان سے گزارش کرتا ہوں مقدمات کو بلاجواز تاخیر کا شکار کرنے کی بجائے جلد سے جلد فیصلہ کیا جائے،دیر سے فیصلے کرنا بھی ناانصافی ہے سب کو معلوم ہے تمام مقدمات جھوٹے، بے بنیاد اور من گھڑت ہیں،بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا سپریم کورٹ کے فیصلوں سے نظریہ ضرورت ایک بار پھر سے زندہ ہو چکا ، ہائیکورٹس کے ججوں نے ثابت کر دیا ملک میں جنگل کا قانون ہے، وقت آگیا سپریم کورٹ کے ججز بھی ہائی کورٹ کے ججوں کی طرح کھڑے ہو جائیں اور غلط فیصلوں سے انکار کریں۔

بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا بات چیت کےلئے ہمیشہ تیار ہوں لیکن بات چیت تب ہو گی جب چوری شدہ مینڈیٹ واپس کیا جائے گا اور جیلوں میں قید بےگناہ کارکنوں کو رہا کیا جائے گا۔

مزید برآں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا3نام ڈیل نہیں بات چیت کےلئے تجویز کیے اور کسی بھی ریٹائرڈ جرنیل کو بات چیت کا ٹاسک نہیں دیا ،18 ماہ سے کہہ رہا ہوں بات چیت کےلئے تیارہوں سیاست میں ہمیشہ بات چیت ہوتی ہے،3جماعتوں کے علاوہ سب سے بات کریں گے، ڈیل وہ کرتا ہے جسے ملک سے باہر جانا ہو۔

ادھر اڈیالہ جیل راولپنڈی میں سابق وزیر اعظم عمران خان اور اہلیہ بشریٰ کےخلاف 190 ملین پاو¿نڈز ریفرنس میں ایک اور گواہ کا بیان قلمبند کرلیا گیا،نیب نے فہرست سے 10گواہ ترک کرا دئیے،سماعت 8 مئی تک ملتوی کردی گئی،مزید برآں انسداد دہشتگردی عدالت نے 9 مئی کے 3 مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کی عبوری ضمانتوں میں توسیع کر دی،دوران سماعت عدالت نے ملزم کی اڈیالہ جیل سے ویڈیو لنک پر حاضری مکمل کرانے کا حکم دےدیا۔

دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہاہے مذاکرات کےلئے کسی کاکوئی پیغام نہیں آیا، 9مئی واقعات کی شفاف انکوائری کرائی جائے،کیسز کے بروقت فیصلے کئے جائیں ، فیصلے بروقت نہ کرنا بھی ناانصافی ہے،امید ہے سپریم کورٹ مخصوص نشستیں بحال کرے گی۔

سابق سپیکر قومی اسمبلی اور پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے کہا ریجیکٹ آدمی اسمبلی میں بیٹھا ہے،ضمیر ملامت نہیں کرتے،آئین کےساتھ کھلواڑ ہو رہا ہے، عدالتوں پر بہت دباو ہے، ضرورت ہے وکلا اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کریں،عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا جارہا ہے، پھر لوگ کیوں الیکشن لڑیں؟، عوام نے 9 مئی کا ڈرامہ 8 فروری کو زمین بوس کردیا۔

علاوہ ازیںپی ٹی آئی رہنما علی خان نے کہادھاندلی زدہ انتخابات پر بات کرنی ہے تو آئیں تیار ہیں، حکومت مسائل کا حل چاہتی ہے تو پی ٹی آئی کا مینڈیٹ واپس کرے، ڈیل و مذاکرات میں فرق ہے، کسی سے ڈیل نہیں کرنی، مذاکرات بانی پی ٹی آئی و دیگر اسیروں کی رہائی کیلئے ہوں گے۔