اپنی آئینی حدود کو بخوبی جانتے، دوسروں سے بھی پاسداری کی توقع رکھتے ہیں، آرمی چیف

راولپنڈی :(بیورورپورٹ)سربراہ پاک فوج جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے اپنی آئینی حدود کو بخوبی جانتے اور دوسروں سے بھی پاسداری کی توقع رکھتے ہیں،پاک فضائیہ ہمیشہ قوم کی توقعات پر پورا اتری ،کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت پر پوری دنیا کی خاموشی وادی میں گونجنے والی آزادی کی آواز کو دبا نہیں سکتی، اپنے کشمیری بھائیوں کی اخلاقی، سیاسی و سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔

آئی ایس پی آرسے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے پاسنگ آﺅٹ پریڈ میں بطور مہمان خصوصی کیڈٹس سے خطاب کرتے ہوئے کہا آپ امیدوں کا مرکز، آسمانوں کے محافظ اور علاقائی یکجہتی کے ضامن ہیں،توقع کی جاتی ہے آپ کردار، ہمت و قابلیت کی خوبیوں سے مزین زندگی گزاریں گے،آپ کا طرز عمل نہ صرف ذاتی اخلاقیات بلکہ قابل احترام ادارے کےلئے بھی غیر معمولی ہوگا، آپ مادر وطن کے دفاع، عزت و وقار کےلئے قربانی دینے سے کبھی دریغ نہیں کریں گے۔

جنرل سید عاصم منیر نے کہا عسکری قیادت توقع کرتی ہے آپ ملک کے بہترین جذبے، ادارے کی پیشہ وارانہ مہارت اور بہادری کی لازوال روایت کو ہمیشہ قائم رکھیں گے،اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آئین کے آرٹیکل 19میں واضح طور پر آزادی اظہار اور اظہار رائے کی حدود متعین کی گئیں،آزادی اظہار رائے کی حدود پامال کرنے والے دوسروں پر انگلیاں نہیں اٹھا سکتے۔

آرمی چیف نے کہا اپنی آئینی حدود کو بخوبی جانتے اور دوسروں سے بھی آئین کی پاسداری کو مقدم رکھنے کی توقع رکھتے ہیں،اسلحہ کی دوڑ سے خطے میں طاقت کا توازن بھی بگڑنے کا امکان ہے، مصنوعی ذہانت، روبوٹکس اور کوانٹم کمپیوٹنگ سمیت مخصوص ٹیکنالوجیز فضائی طاقت کے استعمال کو تبدیل کر نے کےساتھ ساتھ دائرہ کار کو وسعت دے رہی ہیں۔

جنرل سید عاصم منیر نے کہامضبوط فضائیہ کے بغیر ملک کسی بھی جارح کے رحم و کرم پر ہوتا ہے، پاک فضائیہ ہمیشہ قوم کی توقعات پر پورا اتری ،بے مثال بہادری ،پیشہ وارانہ مہارت کےساتھ ہر طرح کی مشکلات میں فضائی حدود کی نگرانی کی ،بڑی مثال فروری 2019سب کے سامنے ہے۔

آرمی چیف نے کہاغزہ جنگ تازہ ترین مثال ہے جنگیں کیا کیا مصائب سامنے لاسکتی ہیں، غزہ میں بوڑھوں، خواتین اور بچوں کا اندھا دھند قتل ثبوت دنیا میں تشدد بڑھ رہا ہے،مقبوضہ کشمیر پر بھارت نے ناجائز قبضہ کررکھا ہے، کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت پر پوری دنیا کی خاموشی وہاں گونجنے والی آزادی کی آواز کو دبا نہیں سکتی، اپنے کشمیری بھائیوں کی اخلاقی، سیاسی و سفارتی حمایت جاری رکھیں گے

سربراہ پاک فوج نے کہاہمیشہ یاد رکھیں حق طاقت ہے،باطل کبھی طاقتور نہیں ہوسکتا، راشد منہاس، سرفراز رفیقی اور ایم ایم عالم جیسے بنیں جنہوں نے وطن عزیز کے وقار کے تحفظ کےلئے اپنی خدمات ،زندگیاں پیش کیں،آپ کو جو ذمہ داری سونپی جا رہی ہے اس کےلئے پرعزم رہیں اور ریاست پاکستان کےساتھ وفادار رہیں۔

قبل ازیں پاکستان ایئر فورس اکیڈمی رسالپورمیں پاسنگ آوٹ پریڈ کی تقریب میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے چیف آف دی ایئر سٹاف ظہیر بابر سندھو کےساتھ پریڈ کا معائنہ کیا،آرمی چیف نے نمایاں کارکردگی کے حامل کیڈٹس کواعزازات سے نوازا اور پاس آو¿ٹ ہونیوالے کیڈٹس سے حلف لیا ،تقریب میں کیڈٹس نے شاندار فلائنگ پاسٹ کا مظاہرہ بھی کیا۔