پشاور: (بیورورپورٹ)وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور نے کہاہے وفاق کو اندازہ نہیں کس سے پنگا پڑا ہے،حق نہ ملا تو گھڑ سواری والا روپ دھاروں گا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پورنے کہا وفاق نے 1500ارب دینے ہیں، واضح پیغام دینا چاہتا ہوں حق نہ ملا تو چین سے نہیں بیٹھنے دوں گا، وفاق کو پیغام دے رہا ہوں میری بات کو ہلکا نہیں لینا، حکومت کو اندازہ نہیں کس سے پنگا پڑا ہے،وفاق حق کھا کرچین سے نہیں بیٹھ سکتا، مجھے اپنے لیڈر کے حکم کا انتظار ہے، جب نکلوں گا تو پوری عوام کو ساتھ لیکر نکلوں گا۔
علی امین گنڈا پور نے کہا ایک مثال دینے کےلئے قربانی دینے کو تیار ہوں، وفاقی حکومت کی معاشی مشکلات کا بھی اندازہ ہے،وفاقی حکومت بہتر ہے حق دے تاکہ شکریہ بھی ادا کروں ،خزانے میں مال نہیں آئے گا تو پھر گھڑ سواری والا روپ دھاروں گا، کسی پارٹی نہیں صوبے کی جنگ ہے۔
وزیراعلیٰ کے پی نے کہاامید ہے حق کی بات پر میڈیا بھی سٹینڈ لے گا، حق نہ ملے تو پھر چھین کر لینا چاہئے،وفاق جلد ازجلد پیسے جاری کرے ورنہ اپنے پیسے لینا جانتے ہیں،عمران خان جلد رہا ہوں گے۔
دوسری جانب پشاور ہائیکورٹ نے پنجاب پولیس و دیگر اداروں کو علی امین گنڈا پور کی گرفتاری سے روکدیا،جسٹس ایس ایم عتیق شاہ اور جسٹس وقار احمد پر مشتمل 2 رکنی بنچ نے درخواست پر سماعت کی،جسٹس عتیق شاہ نے کہا مقدمات کی تفصیلات کیلئے صوبائی حکومت نے پنجاب سے معاملہ اٹھایا ہے، علی امین گنڈاپور صوبے کے چیف ایگزیکٹو ہیں، گرفتاری سے کیا پیغام جائے گا،کسی بھی کیس میں گرفتار نہ کیا جائے، مقدمات کی تفصیلات کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کریں۔
وفاق کو اندازہ نہیں کس سے پنگا پڑا ،حق نہ ملا تو گھڑ سواری والا روپ دھاروں گا،گنڈا پور
















